نئی دہلی//سعودی کلچرل اتاشی ڈاکٹر عبد اللہ صالح الشتوی نے دہلی میں گذشتہ دنوں منعقد عالمی کتاب میلے میں سعودی پویلین سے ہندوستانیوں کی محبت کو ہند سعودی خوشگوار ثقافتی تعلقات کی ایک علامت قرار دیا ہے ۔ اس عالمی کتاب میلہ میں سعودی پویلین میں شائقین کو جہاں سعودی عرب میں ہونے والے ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا گیا نیز علمی و ادبی میدانوں میں سعودی عرب کی پیش رفت کو اجاگر کیا گیا وہیں ہندوستان میں سعودی عرب کی علمی و ثقافتی سرگرمیوں کو بھی پیش کیا گیا۔ اس عالمی کتاب میلہ میں سعودی عرب نے دو سالوں کے وقفہ کے بعد شرکت کی تھی۔ گزشتہ دو سالوں میں ہند سعودی ثقافتی تعلقات میں کافی پیش رفت ہوئی ہے سعودی کلچرل آفس نے ہندوستان کے مختلف حصوں میں ہندوستانی یونیورسٹیوں، کالجوں اور مدارس کے ساتھ مل کر علمی، ادبی، اور ثقافتی موضوعات پر کانفرنس، سیمینار، ورکشاپ، اور لکچر منعقد کیے ، سیکڑوں ہندوستانی طلبہ کو سعودی عرب کی یونیورسٹیوں میں پڑھنے کے لیے اسکالرشپ دی گئیں، ہندوستانی یونیورسٹیوں میں عربی کے اساتذہ کے لیے تربیتی پروگرام منعقد کیے گئے ۔ سعودی پویلین میں، دینی، ثقافتی، ادبی، طبی اور سائنسی موضوعات پر سعودی یونیورسٹیز سے شائع ہونے والی نمائندہ مطبوعات کو نمائش میں رکھا گیا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کے اہم سیاحتی، علمی اور تہذیبی مقامات کو تصویروں کے ذریعے نمایاں کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ ہر طبقہ کے شائقین کے لیے سعودی پویلین مرکز توجہ رہا ۔ہندوستانی مدارس، جامعات کے طلبہ کے علاوہ متعدد اہم علمی و فکری شخصیات سعودی پویلین میں آئے ۔ان میں شارجہ کے شہزادہ فاہم سلطان القاسمی، متحدہ عرب امارات کے سفیر اور جامعہ ملیہ اسلامیہ، جواہر لال نہرو یونیورسٹی، دہلی یونیورسٹی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور دارالعلوم دیوبند کے اساتذہ قابل ذکر ہیں اس کے علاوہ ہزاروں شائقین سعودی عرب کی کتابوں، ضیافت اور تحائف سے مستفید ہوئے ۔شائقین نے سعودی عرب کی کاوشوں کو سراہا اور مزید وسیع پیمانے پر ان کی پیش کش کی تمنا کی اور ہند سعودی خوشگوار ثقافتی تعلقات کے فروغ میں سعودی کلچرل ہاؤس اور سعودی سفارت خانہ کی کوششوں کی تعریف کی، شائقین نے پچاس سے زائد زبانوں میں قرآن مجید کے تراجم کو دیکھا اور ان سے متعلق معلومات حاصل کیں تمل، بنگالی، کشمیری نیز انگریزی فرانسیسی، جرمن، پرتگیز چائنیز، اسپینش اور اٹالین زبان کے تراجم میں لوگوں کی خاص دلچسپی رہی۔سعودی کلچرل اتاشی ڈاکٹر صالح الشتوی نے امید ظاہر کی کہ عالمی کتاب میلہ میں سعودی عرب کو جلد مہمان خصوصی کا درجہ حاصل ہوگا اور اس وقت وہ سعودی عرب کے مختلف شعبہ جات کی اہم شخصیات، ناشرین، اور اہم علمی مطبوعات کے علاوہ ثقافتی سرگرمیوں پر مشتمل متنوع پروگرامز کو پیش کر یں گے ۔
ویژن 2030 کے تحت ترقیاتی منصوبے
