سرینگر// سکاسٹ کشمیر کے ویٹرنری سائنسز کے فیکلٹی ممبران کا ایک وفد یہاں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقی ہوا۔وفد نے وزیر اعلیٰ کو کشمیر میں ویٹرنر سائنسز سے متعلق تعلیم و تدریس کی سطح اور کیمپس میں جاری تحقیقی سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری دی۔ وفد نے ریاست میں مال مویشیوں کے فروغ کے لئے اقدامات تجویز کئے۔ وفد نے ویٹرنری سائنسز شعبۂ میں تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں کا درجہ بڑھانے کی مانگ کی تا کہ فیکلٹی ممبران وادی کشمیر میں مال مویشیوں کی ترقی کے لئے بہتر طور اپنی خدمات انجام دے سکیں۔ وزیر اعلیٰ محبوبہ نے وفد کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان پر عمل درآمد کے لئے ان تجاویز کا بغور جائیزہ لایا جائے گا۔ریاستی پولیس سروس کے افسران پر مشتمل ایک اور وفد بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقی ہوا اور ادارے میں انہیں ترقیوں کے مواقعے میں معقول حصہ دینے کے وزیراعلیٰ کے تاریخی فیصلے لینے پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ اس قدم سے اُن میں ریاست کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے کے لئے ایک نیا جوش پیدا ہوا ہے۔وزیر اعلیٰ نے پولیس افسروں کو تندہی اور لگن سے کام کر نے کی تلقین کی۔ڈائریکٹر جنرل پولیس اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔