بے ضابطگیوں کے ملوثین کیخلاف سخت کارروائی ہوگی
جموں// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کے روز کہا کہ پولیس سب انسپکٹرز، مالی کھاتہ معاونین اور جونیئر انجینئروں کی بھرتی کے امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں کے پیچھے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انتظامیہ نے پہلے ہی مالیاتی کھاتہ کے معاونین، جونیئر انجینئروں اور سب انسپکٹرز کی بھرتی کو منسوخ کر دیا ہے اور مبینہ بے ضابطگیوں کی جانچ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کو سونپ دی ہے۔ ویشنو دیوی شرائن بورڈ کی یوم تاسیس تقریب کے موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا”سب انسپکٹرز، مالیاتی اکاؤنٹ کے معاونین اور جونیئر انجینئروں کی بھرتی کے امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں کے لیے مجرموں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی،” ۔انہوں نے کہا کہ”سب انسپکٹرز، فنانشل اکاونٹ اسسٹنٹ اور جونیئر انجینئرز کی بھرتی کے امتحان میں بے ضابطگیوں کی شکایات ملی تھیں۔ ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی نے بغیر کسی تاخیر کے الزامات کی تحقیقات کی اور کمیٹی کی سفارش کو مدنظر رکھتے ہوئے، ان تینوں امتحانات کی تحقیقات کی گئی اور معاملات کو سی بی آئی کے حوالے کر دیا گیا، “۔
انہوں نے نوجوانوں کو یقین دلایا کہ شفافیت اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ “انصاف کو یقینی بنایا جائے گا، ان کی قابلیت اور میرٹ کا احترام کیا جائے گا اور ان تمام عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جنہوں نے غیر اخلاقی طور پر ہونہار امیدواروں کے مستقبل کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے”۔انہوں نے تقریب کے موقعہ پر کہا کہ3برسوں میں تعلیمی نظام کو نئی شکل دینے کی کوشش کی گئی۔اس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے شرائن بورڈ اور گروکل کے مختلف پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا جس میں گروکل کی توسیع کے لئے ایک نیا ہوسٹل اور اردھکواری اور بنگنگا میں شرائن بورڈ کے ملازمین کے لئے اَقامتی سہولیات شامل ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے شرائن بورڈ کے ملازمین کے لئے 1450 ایس ایم وِی ڈی ایس بی ملازمین کے لئے ہارڈ شپ الاؤنس کا اعلان کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مسافروں کی سہولیت کے لئے نیا آر ایف آئی ڈی سسٹم بھی متعارف کیا۔بھاری رش کے بہتر انتظام اور یاتریوں کی ٹریکنگ کے لئے کٹرہ میں 29 کاؤنٹر اور کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں اور ٹریک پر 7 مقامات پرویریفکیشن کاؤنٹر قائم کئے گئے ہیں۔
اِس موقعہ پر جانکاری دی گئی کہ سپریچول تھیم پارک پر کام نوراتر سے پہلے شروع کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ گذشتہ دو برسوں میں ہم نے قومی تعلیمی پالیسی کے مطابق جموں و کشمیر میں تعلیمی نظام کو نئی شکل دینے کی کوشش کی ہے۔ سکول سے یونیورسٹی کی سطح تک تمام اداروں کو شعور میں تبدیلی کے مراکز کے طور پر تیار کرنے کے لئے کام کیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ آج ہمارے نوجوان ذاتی خواہش کے ساتھ ساتھ معاشرے کی خدمت کو ترجیح دے رہے ہیں اور یہ ایک طویل عرصے کے بعد ایک قابل ذکر تبدیلی ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہم نے گذشتہ دو برسوں میںمتعدد اہم اقدامات شروع کئے ہیں، جن میں فلیگ شپ پروگرام ’’سٹوڈنٹ ٹیچر مینٹرشپ‘‘شامل ہے جو سیکھنے کے فرق کی نشاندہی کرکے سیکھنے کے نتائج کو بڑھانے کی جانب ایک انقلابی قدم ہے۔اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں بہتر سہولیات اور وسائل کے لئے نئے پروجیکٹوں کی منظوری دی گئی ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سکائی واک پر کام دسمبر تک مکمل ہو جائے گا۔