یو این آئی
نئی دہلی/ ویسٹ انڈیز کے تیز گیند باز شینن گیبریل نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا ہے ۔ بدھ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی ریٹائرمنٹ کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے گیبریل نے کہا کہ گزشتہ 12 برسوں سے میں نے خود کو بین الاقوامی کرکٹ کے لیے وقف کردیاتھا اور اس عرصے کے دوران اعلیٰ سطح پر کرکٹ کھیلنا میرے لیے سب سے بہترین تھا۔ مجھے اپنے پسندیدہ کھیل میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کرنا بہت خوشی دیتا ہے ۔
لیکن جیسا کہ کہا جاتا ہے کہ ہر چیز کی ایک انتہا ہوتی ہے ، لہذا آج میں بھی اپنے بین الاقوامی کیریئر سے ریٹائر ہو رہا ہوں۔ انہوں نے کہا، “سب سے پہلے میں خدا کا شکر ادا کرنا چاہتا ہوں اور اپنے خاندان کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے اس دوران ہر قدم پر میرا ساتھ دیا۔ اس کے علاوہ میں کرکٹ ویسٹ انڈیز، اپنے کوچ اور تمام عملے کا بھی شکر گزار ہوں۔ میں ان لوگوں کے تعاون کو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا جنہوں نے برسوں تک میرا ساتھ دیا۔ آخر میں، میں اپنے ان ساتھیوں کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جو ہر لمحہ میرے ساتھ رہے اور میرے اس سفر کو یادگار بنایا۔ میں یہ بھی کہنا چاہوں گا کہ آگے میں اپنے ملک (ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو)، کلب اور دنیا بھر کی فرنچائز ٹیموں کے لیے اسی محبت اور لگن کے ساتھ کھیلتا رہوں گا جیسے اپنے پورے کیریئر میں کرتا آیا ہوں۔”گیبریل نے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز 2012 میں کیا۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں ویسٹ انڈیز کے لیے 59 ٹیسٹ، 25 ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں اور ان کے نام 202 وکٹیں ہیں۔ ٹیسٹ میں گیبریل کی کامیابی ان کی لمبائی اور طاقت سے ملتی تھی، اکثر بے جان پچوں پر بھی وہ بہت موثر ثابت ہوتے تھے ۔