اودہمپور//کانگریس چنہنی اور اسکے ملحقہ علاقوں کی ترقی کی وعدہ بند ہے کیونکہ بی جے پی کے گُذشتہ پانچ برسوں میں اس خطہ کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ان باتوں کا اظہار اودہمپور۔ڈوڈہ۔کٹھوعہ پارلیمانی حلقہ کے کانگریس پارٹی کے لوک سبھا ممبر وکرما دتیہ نے جمعرات کے روز یہاں چنہنی میں ایک بھاری عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے اس تاریخی اہم خطہ کو نظر انداز کرنے پر بی جے پی کی خاموشی کی سخت تنقید کی۔انہوں نے کہا کہ خطہ میںمذہبی سیاحت کی کافی گنجائش ہے لیکن ریاست اور مرکز دوںوں مقامات پر بی جے پی کی سر کار ہونے کے باوجود اس خطہ کو فراموش کیا گیا ہے۔ انہوں نے خطہ کو سیاحت، تعلیم ،طبی خدمات اور بنیادی خدمات جیسے کہ پینے کے پانی ،بجلی اور روڈ انفراسٹریکچر میں بدلائو لانے کی حلف لی۔انہوں نے بی جے پی پر کانگریس کے پروجیکٹوں کا سہرہ اپنے سرباندھنے کا مبینہ الزام لگایا اور کہا کہ چنہنی۔ناشری ٹنل کا تصور کانگریس کی سربراہی والی یو پی اے سرکار کا تھا لیکن جب وزیر اعظم نریندر مودی نے اسکا افتتاح کیا، تو دیگر پروجیکٹوں کی طرح بی جے پی نے بھی اسکا سہرہ اپنے سر باندھ لیا۔وکرما دتیہ نے مزید کہاکہ کانگریس واحد ایک پارٹی ہے جس کو ریاست کے لوگوں کا اعتماد حاصل ہے اور ملک میںبھی ترقی کے منظر میں اسکا کوئی ثانی نہیں ہے۔