عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// ٹیلی کام کمپنی ووڈافون آئیڈیا (وی آئی ) سرمایہ اکٹھا کرنے کیلئے اس ہفتے18ہزار کروڑ روپئے کی فالو آن پبلک آفر (ایف پی او) جاری کرے گی۔ اس سرمائے کے ساتھ ووڈا آئیڈیا ریلائنس جیو اور بھارتی ایٔرٹیل سے مقابلہ کرنے کی کوشش کرے گی۔ اگر ایف پی او کامیاب ہو جاتا ہے تو یہ اب تک کا سب سے بڑا ایف پی او ہو گا۔ اس سے پہلے جولائی 2020 میں یس بینک کا15ہزار کروڑ روپے کا ایف پی او آیا تھا۔ اڈانی انٹرپرائزیز نے فروری2023 میں 20ہزار کروڑ روپے کا ایف پی او جاری کیا تھا، لیکن مکمل سبسکرپشن حاصل کرنے کے بعد بھی، کمپنی نے ہنڈنبرگ ریسرچ کی رپورٹ کی وجہ سے اسے منسوخ کر دیا۔ ووڈا آئیڈیا کا ایف پی او18 اپریل کو جاری ہوگا اور22 اپریل کو بند ہوگا۔ برلا گروپ کی کمپنی پیر سے اس کیلئے روڈ شو شروع کردے گی۔ امریکہ کے جی کیو جی پارٹنرس4200کروڑ روپے اور ایس بی آئی میوچوئل فنڈ اس ایف پی او میں1700 کروڑ سے2500 کروڑ روپے کے درمیان سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ ایف پی او کو سنبھالنے والے انویسٹمنٹ بینکرس نے بتایا کہ پرکشش قیمتوں کی وجہ سے حصص کی بولی فروخت کیلئے رکھی جانے والی بولیوں سے زیادہ ہونے کی امید ہے۔ ووڈا فون آئیڈیا نے ایف پی او کی قیمت کی حد10 روپے سے11 روپے فی شیٔر مقرر کی ہے۔ قیمت کی حد سامنے آنے کے بعد کمپنی کے حصص ٹریڈنگ کے دوران8.5 فیصد گر کر12.2 روپے پر آ گئے، لیکن ٹریڈنگ کے اختتام پر یہ1.54 فیصد بڑھ کر13.2 روپے پر بند ہوا۔