عازم جان
بانڈی پورہ //لانکریشی پورہ کے ماہی گیروں نے ولرجھیل میںکچھ لوگوں کی طرف سے ناجائزطور مچھلیاں پکڑنے پربرہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ان کاروزگار متاثرہورہاہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ محکمہ ماہی پروری کے حکام کی لاپرواہی کی وجہ سے ایسے افراد بھی ولرجھیل میں مچھلیاں پکڑنے جاتے ہیں جن کے پاس نہ مچھلیاں پکڑنے کی لائسنس ہے اور نہ ہی وہ ماہی گیرطبقے سے تعلق رکھتے ہیں۔ لانکریشی پورہ کے ماہی گیر جوصدرکوٹ پائین کے مقام پر ولر جھیل میں کشتی میں مچھلیاں پکڑ رہے تھے،نے کہا کہ ہم ولر جھیل میں مچھلیاں پکڑنے جاتے ہیں ،کبھی تین کلو مچھلیاں کبھی اس ذیادہ کبھی کم پکڑ کر کمائی کرتے ہیں اور اسی پر گزارا کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا ہے کہ غیرقانونی طور پر مچھلیاں پکڑنے والوں اور دیگر غیرقانونی حرکتوں کے ذریعے مچھلیاں پکڑنے کا سلسلہ جاری رہنے سے ماہی گیر آبادی کی کمائی متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہی گیر آبادی آبادی پڑھی لکھی نہیں ہے ،ہمارے بچوں نے پانچویں سے لیکر آٹھویں تک پڑھائی کی ہے۔ روزگار میسر نہ ہونے کی وجہ وہ مزدوری کرتے ہیں ۔مزدوری بھی ہفتے میں ایک یادو بار ملتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ماہی گیر آبادی کا روزگار کمانے کاانحصار جھیل ولر پرہی ہے۔انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ماہی گیر طبقے کے مفادات کاتحفظ کیاجائے اور ان کیلئے روزگار کے مواقع بہم رکھے جائیں ۔