عظمیٰ نیوزڈیسک
نئی دہلی: لوک سبھا سکریٹریٹ نے اعلان کیا کہ وقف (ترمیمی) بل 2024 پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی پانچ شہروں کا مطالعاتی دورہ کرے گی۔ وقف (ترمیمی) بل 2024 کا جائزہ لینے کیلئے بنائی گئی کمیٹی 9 نومبر سے 14 نومبر تک گوہاٹی، بھونیشور، کولکتہ، پٹنہ اور لکھنؤ کا دورہ کرے گی۔ جوائنٹ سکریٹری جے ایم بیساکھ کی طرف سے ایک سرکاری بیان میں بتایا گیا کہ مطالعاتی دورہ کا پروگرام کمیٹی کے اراکین کو مجوزہ بل کے جائزے میں ان کی مدد کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔وقف (ترمیمی) بل 2024 پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے ارکان 09.11.2024 سے 14.11.2024 تک گوہاٹی، بھونیشور، کولکتہ، پٹنہ اور لکھنؤ کا مطالعاتی دورہ کریں گے۔ بیان میں کہا گیا کہ جو ارکان اس دورے میں شامل ہونا چاہتے ہیں انہیں یکم نومبر تک ایک مخصوص پروفارما پر کرکے جمع کرنا ہوگا۔ ایوان کے اسپیکر کی طرف سے رہنما خطوط کا ایک سیٹ بیان کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے، جس میں کمیٹی کے اراکین کو دورہ کے دوران اپنے ساتھ ساتھی لانے کے مسئلہ سے متعلق ہدایات بھی دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ارکان کے ہوائی سفر کے بندوبست اور ٹکٹ کی خریداری سے متعلق بھی ہدایات بھی شامل ہیں۔مطالعاتی دورہ قانون سازی کے جائزے کے عمل کا حصہ ہے اور وقف بل میں مجوزہ ترامیم کے مضمرات کو سمجھنے کے لیے مشترکہ کمیٹی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، جس کا تعلق بھارت بھر میں وقف املاک کے انتظام اور ان کو منظم کرنے سے متعلق ہے۔