سری نگر//گورنر کے صلاح کار خورشید احمد گنائی نے یہاں مسلم وقف بورڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹر س کی میٹنگ کی صدارت کی جس میں انہوں نے وقف اداروں کو مستحکم کرنے پر زور دیا۔میٹنگ میں نائب چیئرمین اور بورڈ کے تمام ممبران نے شرکت کی۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے خورشید احمدگنائی ، جو مسلم وقف بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں ، نے بورڈ کے کام کاج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اہداف کو وقت پر حاصل کرنے پر زور دیا ۔انہوں نے کہا کہ بورڈ سماج کے پسماندہ طبقوں اور ضرورت مندوں کو مدد اور تعلیم فراہم کرنے میں قابل سراہنا رول ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وقف املاک میں وسائل کی کافی گنجائش ہے جنہیں سماج کی ترقی کے لئے استعمال میں لایا جاسکتا ہے البتہ اس کے لئے سماج کا اشتراک ضروری ہے ۔اُنہوں نے اِن اداروں میں شفافیت اور جواب دہی لانے پر زور دیا۔اُنہوں نے کہاکہ ہم سب کو مل کر وقف اداروں کو مستحکم کر کے عوام کی بہبود کے لئے کام کرنا چاہیئے۔ملازمین کے مطالبات پر بورڈ نے عملے کے ڈی اے میں اضافے کو منظوری دی۔چیئرمین نے بورڈ کے ملازمین کو تن دہی اور لگن کے ساتھ کام کر کے عوام کی توقعات پر کھرا اُترنے پر زور دیا ۔چیئرمین نے بورڈ کے اثاثوں ، تعلیمی سرگرمیوں اور باغبانی شعبے کے اثاثوں کے رکھ رکھائو کے لئے مختلف کمیٹیوں کی تشکیل کو منظوری دی ۔اُنہوں نے کہاکہ وقف بورڈ کو مستحکم کرنے کی اشد ضرورت ہے جس کے لئے انہوں نے اختراعی اقدامات اُٹھانے پر زور دیا۔اس سے قبل میٹنگ میں دیگر متعلقہ امور سے متعلق پر ضروری فیصلے لئے گئے۔