محمد تسکین
بانہال// اتوار کے روز جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی دوطرفہ نقل و حرکت کئی مقامات پر ٹریفک جام اور ٹریفک کی سست روی کے ساتھ جاری رہی اور ہزاروں کی تعداد میں مسافر گاڑیوں نے دوطرفہ طور جبکہ مال اور ایندھن بردار گاڑیوں نے جموں سے وادی کشمیر کا سفر کیا۔ اتوار کی صبح سے ہی شاہراہ کے ناشری اور بانہال کے درمیان کئی مقامات پر ٹریفک جام رہا تاہم ٹریفک جام کی شدت ہفتے کے مقابلے میں قدرے کم تھی۔ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ اتوار کے روز شاہراہ معمول کے ٹریفک کیلئے قابلِ آمدورفت رہی تاہم صبح کے اوقات میں ناشری اور بانہال کے درمیان متعدد مقامات پر سڑک کی خراب حالت اور خانہ بدوش بکروالوں کی نقل وحرکت کی وجہ سے ٹریفک کی رفتار سست رہی تاہم دوپہر بعد سے بیشتر مقامات پر ٹریفک کو رواں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈھلواس ، مہاڑ ، بیٹری چشمہ ، پنتھیال ، رامسو ، شیر بی بی اور قصبہ بانہال میں ٹریفک کی رفتار سست رو رہی تاہم دوپہر بعد سے ٹریفک رواں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں اور وادی کشمیر سے مقررہ وقت کے اندر اندر چھوڑا گیا بیشتر مسافر ٹریفک اتوار شام تک منزلوں کو پہنچ چکا تھا جبکہ جموں ، ادھم پور سے ٹرک اور پتنی ٹاپ کے آرپار روکی گئی ایندھن بردار ٹینکر اپنی منزلوں کیطرف بڑھ رہے تھے۔