فیاض بخاری
بارہمولہ// شمالی قصبہ پٹن کے وسن کھوئی علاقے میں قائم ایک بائز مڈل سکول میں7 جماعتوں میں زیر تعلیم بچوں کو پڑ ھا نے کیلئے صرف پانچ اساتذہ تعینات ہیں جس کے نتیجے میں طلاب کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ سکولی عمارت کو کئی برس قبل غیر محفوظ قرار دیا گیا تھا لیکن ابھی تک نئی عمارت تعمیر نہیں ہوسکی تاہم اس سکول کی طرف کوئی دھیان نہیں دیا جاتا ہے۔ مقا می لوگوں نے بتا یا کہ ایک طرف سے سرکار تعلیم کو عام کرنے کا دعویٰ کررہی ہے اور دوسری جانب ان غریب بچوں کی تعلیم کیلئے خاطر خواہ اقدامات کرنے اور معقول سہولیات فراہم کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے اور محکمہ کے افسرن کوئی بھی بات سننے کو تیارنہیں اور بچوںکے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کیاجارہاہے ۔سکول میں زیر تعلیم ایک طالب علم نے بتایا کہ اساتذہ کی کمی کی وجہ سے انہیں زبردست مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ سکول میں اساتذہ کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے تاکہ انہیں اچھی تعلیم میسر ہو۔مقامی لوگوں کے مطابق محکمہ تعلیم نے کئی برس قبل سکولی عمارت کو غیر محفوظ قرار دیا تھا تاہم ستم ظریفی یہ ہے کہ ابھی تک نئی عمارت تعمیر نہیں ہوئی اور یہ عمارت کسی بھی وقت بچوں کیلئے خطرے کا باعث بن سکتی ہے ۔ انہوں نے سرکار اور محکمہ تعلیم سے مطالبہ کیاکہ سکولی عمارت تعمیر کرنے کیلئے ٹھوس اور موثر اقدامات کئے جائیں تاکہ مذکورہ سکول میں زیر تعلیم بچوں کا مستقبل خراب ہونے سے بچ سکے۔