عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر برائے زرعی پیداوار ، دیہی ترقی ، پنچائتی راج ، کواپریٹو اور الیکشن ڈیپارٹمنٹس جاوید احمد ڈار نے کل نیشنل ہائی وے این ایچ 44 کا تفصیلی دورہ کیا تا کہ پھلوں سے لدھے ٹرکوں کی آمدورفت کی صورتحال کا جائیزہ لیا جائے اور ٹرانسپورٹیشن کو متاثر کرنے والے بنیادی ڈھانچے کے چیلنجز کا معائینہ کیا جائے ۔ وزیر نے قاضی گنڈ میں ٹرک ڈرائیوروں ، تاجروں اور ٹرانسپورٹ حکام سے براہ راست بات چیت کی اور پھلوں سے لدے ٹرکوں کو ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ تاخیر سے بچا جا سکے اور کسانوں اور تاجروں کے مفادات کا تحفظ کیا جا سکے ۔ انہوں نے اودھمپور ضلع میں ہائی وے کے خراب شدہ حصوں کا بھی معائینہ کیا ، جاری مرمتی کاموں کا جائیزہ لیا ۔ڈی آئی جی اودھمپور اور دیگر سینئر افسران نے وزیر کو بحالی کے کاموں اور اودھمپور میں ٹریفک کلیرنس کے بارے میں بریفنگ دی ۔ اس سے قبل وزیر نے ڈی سی آفس رام بن میں ایک جائیزہ اجلاس کی صدارت کی ۔ڈپٹی کمشنر نے وزیر کو ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اور دیگر انتظامات کے بارے میں بریف کیا ۔ ڈار نے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی کو ہدایت دی کہ وہ این ایچ 44 پر ٹریفک منیجمنٹ کی ذاتی طور پر نگرانی کریں اور پھلوں سے لدے ٹرکوں کو ترجیح دیں ۔