نئی دلی/ /وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے مرکزی وزیر دفاع نرملا سیتارمن کے ساتھ بھی ملاقات کی۔میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ نے حالات سے نمٹنے کے دوران انسانی وطیرہ اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہاکہ انسانی جانوں کے زیاں کی وجہ سے حکومت کی امن کی کوششوں کو زک پہنچتا ہے اور مفاد خصوصی رکھنے والے عناصر کو اپنے اغراض حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔ وزیر اعلیٰ اور مرکزی وزیر دفاع نے لوگوں کے دل اور دماغ جیتنے کے لئے حالات سے نمٹنے کے دوران ایک پیشہ ور وطیرہ اپنا نے پر اتفاق کیا۔میٹنگ کے دوران محبوبہ مفتی نے ریاست میں فوج کے زیر استعمال باغا ت ،عمارات اور دیگر جائیداد وں کا کرایہ بڑھانے کا معاملہ بھی اٹھایا۔انہوں نے ٹٹو گرائونڈ کا ایک حصہ مقامی انتظامیہ کی تحویل میں دینے کے معاملے میں سرعت لانے کی بھی مانگ کی تاکہ یہاں سیاحتی ڈھانچے کو فروغ دیا جاسکے ۔اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے متبادل جگہ کے عوض اننت ناگ ہائی گرائونڈس میںفوج کے زیر استعمال 456کنال اراضی کی واپسی اور کرگل میں کھرباتھنگ پلاٹو کو خالی کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔انہوںنے جموں ایئرپورٹ اور جموں یونیورسٹی کو وسعت دینے کے پروجیکٹوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی بھی مانگ کی۔