سمت بھارگو
راجوری //وزیر دفاع نے راجور ی میں آرمی بیس کیمپ کا دورہ کیا اور راجوری ضلع کے کنڈی جنگلاتی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوںمیں جاری تصادم کے درمیان سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ راجوری اور پونچھ علاقوں میں سیکورٹی کی سنگین صورتحال کے درمیان جہاں 20 اپریل اور 5 مئی کو ہونے والے انکائونٹر میں فوج کو پانچ ہلاکتوں کا سامنا کرنا پڑا ہے، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ہفتہ کو راجوری میں ہندوستانی فوج کے Ace of Spades ڈویژن کا دورہ کیا اور دفاعی تیاریوں اور سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ فوج کے جوانوں کی بہادری کو سراہتے ہوئے سنگھ نے کہا کہ اپنے حوصلہ کو بلند رکھیں، آپ کو ضرور کامیابی ملے گی۔
اپنے دورے کے دوران انہیں فوج کے سینئر افسران نے تقریباً 40 منٹ تک سیکورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ انہوں نے فوجیوں سے بھی بات چیت کی اور سرحدوں کو محفوظ بنانے میں ان کی کوششوں کو سراہا۔وزیر دفاع نے کہا ” آپ کی ہمت، عزم اور مسلسل چوکسی کی وجہ سے قوم خود کو محفوظ محسوس کرتی ہے اور ہم ہمیشہ آپ کے ساتھ ہیں،ہندوستان اپنی مادر وطن کی حفاظت کے تئیں ان کی لگن کو سلام کرتا ہے”۔حکومت کی طرف سے جاری ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے راجوری میں آرمی بیس کیمپ کے دورے کے دوران ہندوستانی فوج کی آپریشنل تیاریوں اور سرحد پر سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔جائزہ میٹنگ کے دوران جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، آرمی چیف جنرل منوج پانڈے اور جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف، شمالی کمان لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی موجود تھے۔وزیر دفاع نے فوجیوں کے ساتھ بات چیت کی اور مشکل حالات میں کام کرتے ہوئے ان کی بہادری اور جوش کی تعریف کی اور زور دے کر کہا کہ مشکل علاقوں میں ہندوستانی فوج کے جوانوں کی بے مثال ہمت، عزم اور مسلسل چوکسی کی وجہ سے قوم خود کو محفوظ محسوس کرتی ہے۔وزیر دفاع نے انہیں اسی لگن اور بہادری کے ساتھ کام جاری رکھنے کی ترغیب دی۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے عظیم قربانی دینے والے بہادر فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ وزیر دفاع نے اپنے دورے کے دوران یہ واضح پیغام دیا کہ فوجیوں کو ہلاک کرنے والے ملی ٹینٹوں کا پیچھا کیا جائیگا، چاہیے جو بھی قیمت ادا کرنا پڑے۔سنگھ نے بتایا کہ “جموں و کشمیر میں امن و سکون کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والے کو بخشا نہیں جائے گا۔”راجوری سے جموں واپسی کے بعد وزیر دفاع دوپہر کو نئی دہلی کے لیے روانہ ہوئے۔