بھاجپالیڈروں ،پہاڑی وسکھوں کے وفود اور سیول سوسائٹی سے ملاقات
یو این آئی
سرینگر//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ جمعرات کو سرینگر کے دو روزہ دورے پر پہنچ گئے جس کے دوران وہ سیکورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔شاہ سرینگر کے ایک ہوٹل پہنچے جہاں وہ جموں و کشمیر میں انتخابات کے بقیہ دو مرحلوں سے قبل بی جے پی کے مقامی رہنمائوں سے ملاقات کرنے والے ہیں۔پارٹی کے جموں و کشمیر یونٹ کے جنرل سکریٹری سنیل شرما نے نامہ نگاروں کو بتایا ” وزیر داخلہ ٹرن آئوٹ کو بڑھانے اور امن کا ماحول بنانے کے لیے حفاظتی نقطہ نظر سے اقدامات کا جائزہ لینے آ رہے ہیں، کوئی سیاسی سرگرمی نہیں ہے لیکن بی جے پی کارکنان ان سے ملاقات کریں گے اور پارٹی کے تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے‘‘۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا جماعت اسلامی کا وفد وزیر داخلہ سے ملاقات کرے گا، شرما نے کہا کہ ایسی کوئی ملاقات طے نہیں ہے۔شرما نے مزید کہا کہ کوئی بھی غیر سیاسی یا سینئر لوگ شاہ سے مل سکتے ہیں لیکن کوئی سیاسی وفد ان سے نہیں مل رہا ہے۔ شاہ کو جموں و کشمیر کی سیکورٹی کی صورتحال کے بارے میں اعلی سیکورٹی افسران کے ذریعہ بریفنگ دی جائے گی کیونکہ لوک سبھا انتخابات کے بعد سالانہ امرناتھ یاترا 29 جون کو شروع ہوگی اور 19 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔یاترا کے بعد مرکزی زیر انتظام علاقے میں اسمبلی انتخابات ہو سکتے ہیں کیونکہ سپریم کورٹ نے انتخابات کے انعقاد کے لیے 30 ستمبر کی آخری تاریخ مقرر کی ہے۔پہاڑی طبقہ سے وابستہ وفود نے وزیر داخلہ سے ملاقی ہونے سے قبل نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا ؛‘موجودہ مرکزی حکومت نے پہاڑی طبقہ سے وابستہ لوگوں کے لئے بہت کام کئے ہیں۔’انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم مودی نے پہاڑی برادری کی دیریانہ مانگ پوری کی جس کے لئے ہم وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے مشکور ہیں۔سکھ برادری کے وفد نے بتایاکہ ہمارے چند اہم مطالبات ہیں اور اس ضمن میں وزیر داخلہ کو ایک میمورینڈم پیش کریں گے ۔انہوں نے کہا’’سکھ برادری وزیر اعظم نریندر مودی اور امیت شاہ کے مشکور ہیں کیونکہ موجودہ مرکزی حکومت نے سکھوں کے کئی اہم مسائل حل کئے ہیں‘‘۔ان کے مطابق آنند میریج ایکٹ موجودہ سرکار نے ہی پاس کیا ہے ۔دریں اثنا شام دیر گئے وقف چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی کی سربراہی میں کشمیر صوبے کے بھاجپا لیڈرامیت شاہ سے ملاقی ہوئے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ کے دوران پارٹی امورات پر تبادلہ خیال ہوا۔معلوم ہوا ہے کہ جمعرات شام دیر گئے سیول سوسائٹی سے وابستہ سینئر عہدیدارو ں نے بھی مرکزی وزیر داخلہ سے ملاقات کی۔