واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار،سانحہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے یکجہتی کا پیغام دیا گیا
جاوید اقبال
مینڈھر // جنگلات، جل شکتی اور قبائلی امور کے وزیر جاوید احمد رانا نے جمعہ کے روز مینڈھر میں منعقد ہونے والی جنجاتیہ گورو دیوس 2025 کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی تاہم نوگام پولیس اسٹیشن میں گزشتہ روز پیش آئے المناک سانحے کے باعث تقریب کو مختصر کر دیا گیا۔ وزیر موصوف نے پروگرام کی سادگی کا مقصد متاثرہ خاندانوں کے ساتھ غم میں شریک ہونا اور یکجہتی کا عملی اظہار قرار دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاوید احمد رانا نے کہا کہ نوگام کا دلخراش واقعہ پورے جموں و کشمیر کیلئے صدمے کا باعث بنا ہے۔ انہوں نے سانحے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت اس مشکل وقت میں متاثرہ خاندانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’متاثرہ خاندانوں کا دکھ ہمارا مشترکہ دکھ ہے۔ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ احترام اور شکرگزاری کے ساتھ یاد رکھا جائے گا‘۔وزیر نے مزید کہا کہ یہ المناک واقعہ ہر دل کو مغموم کر گیا ہے، اور اسی وجہ سے تقریب کو غیر روایتی انداز میں باوقار مگر مختصر رکھا گیا تاکہ سوگ اور سنجیدگی کا پیغام دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور مقامی نمائندے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لئے متحرک ہیں اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔اس سے قبل وزیر نے او پی ہل اسٹیڈیم، مینڈھر کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے 150ویں جنجاتیہ گورو دیوس کے سلسلے میں تیار کردہ انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران سے پروگرام کے حوالے سے تفصیلی جانکاری لی اور کہا کہ جنجاتیہ گورو دیوس قبائلی برادری کی شاندار تاریخ، ثقافت اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے، جس کا مقصد نئی نسل کو قبائلی ورثے سے روشناس کرانا ہے۔جاوید احمد رانا نے کہا کہ قبائلی برادری نے جموں و کشمیر کی سماجی، ثقافتی اور اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت قبائلی طبقے کی فلاح و بہبود کے لئے عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے اور ترقیاتی اسکیموں کو تیزی سے زمینی سطح پر پہنچایا جا رہا ہے۔تقریب کے اختتام پر وزیر نے ایک بار پھر نوگام سانحے کے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کے لئے صبر و حوصلے کی دعا کی۔