بانہال//وزیر تعمیرات عامہ نعیم اختر وادی چناب کے 7 روزہ دورے کے پہلے دن انہوں نے بانہال پہنچے جہاں کئی کاموں کا معائینہ کیا اور ورکروں اور افسروں سے میٹنگ کی۔ پیر کو اپنے دورے کے پہلے دن انہوں نے بانہال میں ٹھٹھاڑ تکیہ روڈ کا جائزہ لیا جس میں حق اطلاعات کے تحت فراہم کی گئی جانکاری میں رقومات کے خرد برد کا الزام ہے اور لوگ اس کی تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ وزیر موصوف نے جب اس رابطہ سڑک کا جائزہ لے رہے تھے تو تکیہ ، ٹھٹھاڑ کے مرد و خواتین نے تکیہ رابطہ سڑک پر ہوئے مبینہ خرد برد کی تحقیقات اور سڑک کی زد میں آئی اراضی کے معاوضے کو لیکر زبردست ہنگامہ آرائی کی اور وزیر کے قافلے کو روک لیا۔ وزیر نعیم اختر کو لوگوں کے ہجوم سے نکالنے میں پولیس کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں وہاں سے پولیس اور پولیس افسروں نے نکال لیا ۔ وزیر موصوف نے لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ پندرہ روز کے اندر اندر اس رابطہ سڑک پر ہوئے خرد برد کی تحقیقات کا اعلان کرچکے ہیں اور ملوث پائے گئے ملازمین کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ اس کے بعد وزیر تعمیرات عامہ نعیم اختر نے بانہال میں افسروں کی ایک جائزہ میٹنگ لی اور بعد میں ورکروں اور عام لوگوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ممبر اسمبلی بانہال وقار رسول ، ڈپٹی کمشنر رام بن طارق حسین گنائی ، پی ڈی پی لیڈر بشیر احمد رونیال، ، بی جے پی لیڈر شوکت جاوید ڈینگ ، پی ڈی پی لیڈر منیر احمد بٹ ،ایس ڈی ایم بانہال وکاس ورما، ایڈیشنل ایس پی چودھری مشتاق کے علاوہ محکمہ تعمیرات عامہ ، پی ایم جی ایس وائی اور فورلین شاہراہ کی تعمیراتی کمپنیوں کے حکام اور افسران بھی موجود تھے۔ وزیر موصوف نے افسروں سے جاری تعمیراتی کاموں اور سڑکوں کی جانکاری لی اور انہیں اپنے کام میں شفافیت لانے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر منگت ، ڈولیگام ، ہنجہال ، پوگل وغیرہ سے ائے کئی وفود نے وزیر تعمیرات کو سالوں سے زیر تعمیر سڑکوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی اپیل کی اور خستہ حال سڑکوں کو بہتر بنانے کی اپیل کی۔ اس کے بعد وزیر تعمیرات عامہ نعیم اختر کھڑی روانہ ہوئے جہاں وہ کھڑی ، کوٹ سے نادکہ رابطہ سڑک کی تعمیر کا افتتاح کرینگے۔ انہوں نے کھڑی میں ورکروں اور عام لوگوں کے ایک جلسے میں شمولیت کی اور عوامی مسائیل کو سنا اور مسائیل حل کرنے کی یقین دھانی کرائی۔ وزیر نے دورے کے دوران بانہال ، کھاری ، اکھڑہال و دیگر علاقوں میں جاکر تعمیراتی کاموںکا معائینہ کیا ۔ وزیر نے منڈکباس میں ماہومنگت نالے پر بنائے گئے 55 میٹر لمبے پل کا افتتاح کیا اور کھاری کوٹ سے سراچی تک سڑک تعمیر کرنے کے پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا ۔ اس پروجیکٹ پر 1200 لاکھ خرچ کئے جائیں گے اور یہ پروجیکٹ دو سال کے عرصے میں مکمل ہوگا۔ تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت ترقیاتی عمل کو تیز تر کرتے ہوئے اگلے پانچ برسوں کے دوران سڑکیں، عمارتیں اور دیگر عوامی اہمیت کے حامل اثاثے تعمیر کرنے کے لئے ایک لاکھ کروڑ روپے خرچ کرنے جارہی ہے ۔انہوںنے کہا کہ ان کاوشوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ریاست کے تینوں خطوں کو متوازی ترقی کے مواقع فراہم کئے جائیں گے ۔وزیر موصوف رام بن میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرر ہے تھے ۔ اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر رام بن و دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ انہوںنے کہاکہ تعلیم اور سڑک رابطہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں اور حکومت ان دو سیکٹروں کی طر ف خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر انتخابی حلقہ اپنی جگہ اہم ہے ۔ چاہئے وہ گاندھی نگر ہو، یا امیر کدل یا رام بن۔ انہوں نے کہا کہ اس سال حکومت 4000کلومیٹر وں پر میکڈم بچھانے کا کام مکمل کرے گی اور حکومت کو رقومات کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ انہوںنے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ تمام ترقیاتی کاموں کی نگرانی کریں ۔رام بن کا ذکر کرتے ہوئے نعیم اختر نے کہا کہ یہ ضلع انتہائی خوبصورت ہے اور اس کو مزید جاذب نظر بنانے کے لئے اس کے گاﺅں اور قصبوں کو سڑک رابطوں سے جوڑنا ہوگا ۔نعیم اختر نے چار گلیاروں والے پروجیکٹ پر جاری کام کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے موقعہ پر ہی کئی مسائل کو حل کرانے کی ہدایات جاری کیں۔ وزیر نے مقامی لوگوں کی شکایات کو بغور سنااور سڑکوں پر میکڈ م بچھانے و دیگر مطالبات کو پورا کرنے کا یقین دلایا۔وزیر تعمیرات عامہ آج صبح گول کیلئے روانہ ہو ں گے۔