عظمیٰ نیوز سروس
جموں// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتونے بدھ کو جموں خطے میں کام کرنے والی مختلف سرکاری اِمداد سے چلنے والی این جی اوز کی کارکردگی اور کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں کمشنرسیکرٹری محکمہ سماجی بہبود شیتل نندا، ڈائریکٹر سماجی بہبود جموں روپیش کمار، ڈائریکٹر فائنانس ایس ڈبلیو ڈِی ، ایس ڈبلیو ڈی کے دیگر سینئر اَفسران، متعلقہ اَضلاع کے ڈی ایس ڈبلیو اوز، ریڈ کراس ہوم، ایس او ایس چلڈرن وِلیج آف اِنڈیا، بے سہارا بچوں کے لئے بلگرانا چیئر ٹیبل ہوم، سماج کلیان کیندر، لوئس بریل میموریل ریذیڈنشیل سکول، وید مندر، بھارتیہ لوک سنگیت کلا سنستھان، ہری کرشنا فوڈ لائف ٹرسٹ اودھمپور، ہوم فار ایجڈ اینڈ انفرم کٹھوعہ اور کیئر فار یو پونچھ جیسے این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ دورانِ میٹنگ وزیر موصوفہ نے سرکاری اِمداد سے چلنے والی این جی اوزکے زمینی سطح پر پڑنے والے اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ان این جی اوز کو ان کے متعلقہ علاقوں میں کام کرتے ہوئے درپیش چیلنجوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ میٹنگ میں عمر رسیدہ اَفراد،جسمانی طور خاص بچوں، بے سہارا بچوں کے ساتھ ساتھ معاشی طور پر کمزور طبقوں اور یتیم بچوں سمیت معاشرے کے پسماندہ طبقوں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کے لئے حکومت اور این جی اوز کے درمیان اِشتراک بڑھانے کی حکمت عملی پر بھی غوروخوض کیا گیا۔ میٹنگ میںمحترمہ سکینہ اِیتو نے سرکاری گرانٹ حاصل کرنے والی این جی اوز کے کام کاج میں شفافیت، جوابدہی اور کارکردگی کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے اِس بات کو یقینی بنانے کے لئے سخت نگرانی کے طریقۂ کار کی ضرورت پر زور دیا کہ فنڈز کا مناسب اور مؤثر طریقے سے اِستعمال مستحق اَفراد اور بچوں کی خدمت کے لئے بالخصوص تعلیم ، صحت نگہداشت اور فلاحی ضروریات کے شعبوں میں کیا جائے ۔اُنہوں نے کہا،’’ سرکاری مدد سے چلنے والی این جی اوز بے سہارا اَفراد کی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور یہ ضروری ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ جوابدہی کے ساتھ کام کریں۔ اُنہیں معاشرے میں اَپنے اثرات کو زیادہ سے زیادہ کرنے کے لئے فنڈز اور وسائل کے مناسب اِستعمال کو یقینی بنانا چاہیے۔‘‘ اُنہوں نے مزید کہا،’’ہمارا مقصد ان تنظیموں کو اس اُمید کے ساتھ بااِختیار بنانا ہے کہ وہ زمینی سطح پر مثبت تبدیلی لائیں۔‘‘ وزیر موصوفہ نے این جی اوز کے نمائندوںاور اَفسران پر بھی زور دیا کہ وہ ان این جی اوز کے سکولوں میں داخلہ لینے والے طلبأ کی ہنرمندی پر توجہ دیں تاکہ اُنہیں مستقبل میں روزگار کے مواقع مل سکیں۔ اُنہوں نے اُن پر زور دیا کہ وہ اِن اِداروں میں فراہم کی جانے والی خدمات اور سہولیات کے بارے میں لوگوں میں زیادہ سے زیادہ بیداری پیدا کریں تاکہ کنبے اَپنے بچوں کو اِن سکولوں میں داخل کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہ کریں۔ سکینہ اِیتونے کمشنر سیکرٹری کو ہدایت دی کہ وہ اِن این جی اوز کی سرگرمیوں کی باقاعدگی سے نگرانی اور جائزہ لیں تاکہ ان کی حکومتی ہدایات اور قواعد و ضوابط کی تعمیل کو یقینی بنایا جاسکے۔ اُنہوں نے این جی او کے نمائندوں سے کہا کہ وہ اپنی متعلقہ تنظیموں کی ماہانہ پیش رفت اور سرگرمی کی رِپورٹ ڈائریکٹر کو پیش کریں۔ اُنہوںنے کمشنر سیکرٹری کو ہدایت دی کہ وہ مستقل بُنیادوں پراِن این جی اوز کو درپیش مسائل کے شکایات کے ازالے کے لئے ایک مکمل نوڈل آفیسر نامزد کریں۔ میٹنگ میں ہر این جی او کے نمائندگان نے وزیر موصوفہ کو اپنے اِداروں کے کام کاج اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات کے بارے میںبتایا۔