سرینگر //دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے وزیر عبدالحق خان نے دیہی ترقی محکمہ کے افسروں کی ایک میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ کی طرف سے کشمیر صوبہ کے مختلف ضلعوں میں منعقد کئے گئے عوامی درباروں کے دوران دی گئی ہدایات کے تناظر میں ہو رہے کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ناظم دیہی ترقی کشمیر غضنفر حسین کے علاوہ محکمہ کے دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔میٹنگ میں وزیر کو جانکاری دی گئی کہ محکمہ نے وزیر اعلیٰ کی ہدایات اور ان کی طرف سے عوامی درباروں کے دوران کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لئے کئی کام ہاتھ میں لئے ہیں۔انہیں بتایاگیا کہ وزیرا علیٰ کی ہدایات میں سے 87کاموں کا تعلق آر ڈی ڈی محکمہ سے تھا جن میں سے 40فیصد کاموں پر کام شروع کیا جاچکا ہے۔وزیر موصوف نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ یہ تمام کام دسمبر مہینے کے آخر تک مکمل کریں ۔انہوںنے کہاکہ رقومات کے منصفانہ تصرف کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ترقیاتی کاموں کی عمل آوری میں حائل رکاوٹوں کو بھی دور کیا جانا چاہیئے۔ انہوںنے کہا کہ کاموں کے معیار کی طرف خصوصی توجہ دی جانی چاہئیں تاکہ دیر پا اثاثے قائم ہونے کے ساتھ ساتھ لوگوں کی راحت رسانی بھی ہوسکے۔