سرینگر //گذشتہ ہفتہ اپنے دورے کے بعد وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کل چرار شریف کی دیدہ زیبی کے کام میں سرعت لانے اور قصبے میں ترقیاتی عمل پر غور و خوض کیلئے افسران کی بین محکمہ میٹنگ طلب کی ۔ انہوں نے عرسِ حضرت شیخ نور الدین ولی ؒ کیلئے انتظامیہ کی طرف سے کئے جا رہے انتظامات کا بھی جائیزہ لیا ۔ وزیر برائے تعمیراتِ عامہ نعیم اختر ، وائس چئیر مین وقف بورڈ پیر محمد حسین بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔ وزیر اعلیٰ نے زیارت گاہ کی دیوار بندی کا کام زیارت گاہ کے طرز تعمیر کو ملحوظ نظر رکھ کر فوری طور شروع کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے قصبے میں نکاسِ آب نظام کیلئے ایک مکمل ڈرنیج پروجیکٹ مرتب کرنے اور اس پر فوری تعمیر کا کام شروع کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ ایک اہم فیصلے کے تحت وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر بڈگام کو چرارِ شریف کی ترقیاتی اور دیدہ زیبی کے پروجیکٹوں کی عمل آوری اور انہیں مکمل کرنے کیلئے ایک مربوط طریقہ کار اختیار کرنے اور اس پر عمل آوری کیلئے پروجیکٹ اتھارٹی نامزد کرنے کی ہدایت دی ۔ محبوبہ مفتی نے زیارت کمپلیکس کے دیدہ زیبی کی ہدایت دیتے ہوئے وہاں مزید سبزہ زاروں کو قایم کرنے ، بیت الخلاء اور وضو خانوں کی تعمیر اور اُن کی دیکھ ریکھ اور زیارت گاہ کے نزدیک مزید پارکنگ جگہ قایم کرنے پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے قصبہ کے اندر اور اس کے گردو نواح میں شجرکاری مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ اُن کی مداخلت سے قصبہ کے شاپنگ کمپلیکس کی تکمیل کیلئے دو کروڑ روپے واگذار کئے گئے اور اب شاپنگ کمپلیکس کی تعمیر کا کام شدو مد سے جاری ہے جو عنقریب مکمل ہونے کی توقع ہے ۔ آنے والے سالانہ عرس کے متعلق وزیر اعلیٰ نے وقف بورڈ حکام اور ضلع انتظامیہ کو عقیدت مندوں کے لئے بہترین انتظامات کرنے کے لئے کہا ۔ انہوں نے عرس سے قبل ہی زیارت گاہ کی دیدہ زیبی کا کام مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ وزیر اعلیٰ نے زیارت گاہ میں مزید چراغاں کیلئے ایک دن کے اندر مزید ایل ای ڈی بلب نصب کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایامِ عرس کے دوران عقیدت مندوں کے استعمال کیلئے زیارت گاہ کیلئے موبائیل ٹائیلٹ روانہ کرنے کی محکمہ بلدیاتی ترقی کو ہدایت دی ۔ یاد رہے وزیر اعلیٰ نے 9 اکتوبر کو اپنے بڈگام دورے کے دوران چرارِ شریف کا بھی دورہ کیا تھا۔