مشتاق الحسن
ٹنگمرگ //وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اتوار کوگلمرگ کا دورہ کیا اور زیر تعمیر کنونشن سینٹر کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔انکے ساتھ مقامی ممبر اسمبلی فاروق احمد شاہ کے علاوہ انتظامیہ کے کئی افسران بھی تھے۔وزیر اعلیٰ نے کنونشن ہال کے ہر ایک حصے میں مکمل کئے گئے یا زیر تعمیر کام کو خود دیکھا اور یہاں موجود انتظامیہ کے افسران کیساتھ بات چیت کی۔حکومت کا کہنا ہے کہ نیا کنونشن سینٹر بین الاقوامی تقریبات کے لیے دروازے کھولے گا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ گلمرگ کا نیا کنونشن سنٹر جلد ہی بین الاقوامی تقریبات کی میزبانی کرے گا اور اگلے سال کے اوائل میں اس کی تکمیل گلمرگ کی عالمی افادیت کو بڑھا دے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گلمرگ میں بالکل نئے کنونشن سینٹر کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔ توقع ہے کہ اس مرکز کی تکمیل سے خطے کی بین الاقوامی کانفرنسوں، کنونشنوں اور یہاں تک کہ فلموں کی نمائش کی میزبانی کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔اس سینٹرکو عالمی سطح پر گلمرگ کی پروفائل کو بلند کرنے کے لیے ایک اہم اقدام کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔وزیر اعلی نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر اپنے دورے سے متعلق اپڈیٹس شیئر کرتے ہوئے کہا کہ کنونشن ہال کے اگلے سال کے شروع تک کام کرنے کی امید ہے۔ یہ نئی پیشرفت گلمرگ کے لیے پرجوش وقتوں کی نشاندہی کرتی ہے، اور اسے بین الاقوامی اجتماعات کے لیے ایک اہم مقام کے طور پر جانا جائیگا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس کنونشن سینٹر پر پچھے3سال سے کام چل رہا ہے۔سودیش درشن سکیم کے ہمالیائی سرکٹ کے تحت گلمرگ میں کنونشن سینٹر کی تعمیر 2021میں شروع کی گئی ہے۔16.31کروڑ روپے کے اس پروجیکٹ کیلئے 4مارچ 2021کو ٹینڈر الاٹ کئے گئے تھے۔اس کی تعمیر NBCC (India) Ltd. کے تحت ہورہی ہے، جو مرکزی وزارت ہائوسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ کے تابع کام کرنے والی ایجنسی ہے۔گلمرگ میں مہاراجہ پیلیس کلے نزدیک یہ کنونشن سینٹر تعمیر ہورہا ہے اور اس کی تعمیر میں کشمیر کے تمدنی اور تقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔