نیوز ڈیسک
نئی دہلی//وزیراعظم نے آج جموں کشمیر سمیت ملک بھر میں 75 ڈیجیٹل بینک کاری مراکز کا آغاز کیا۔ نریندر مودی نے کہا کہ اِن مراکز سے ڈیجیٹل بینک کاری کا متحرک بنیادی ڈھانچہ فراہم ہوسکے گا اور مالی شمولیت کو بھی بڑھاوا ملے گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری حکومت کی ترجیح بینکنگ خدمات کو دوردراز علاقوں میںگھر گھر پہنچانا ہے۔ ان 75ڈیجیٹل بینکوںمیں جموں میں ایک اور سرینگر میں ایک بینک یو نٹ شامل ہیں۔ وزیراعظم نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے 75 ڈیجیٹل بینک کاری یونٹ ملک کے نام وقف کرتے ہوئے کہا ڈیجیٹل بینک کاری کے فائدے ملک کے ہر حصے تک پہنچانے کے لئے یہ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ اس سے لوگوں کو ڈیجیٹل بینک کاری کی مختلف سہولیات مل سکیں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل بینک کاری مراکز سے ڈیجیٹل خدمات مزید بہتر ہوسکیں گی اور ملک میں ڈیجیٹل بینک کاری کا ایک متحرک بنیادی ڈھانچہ فراہم ہوسکے گا۔ مودی نے کہا کہ اس سے بینک کاری اور مالی بندوبست میں بہتری آئے گی اور شفافیت کو بڑھاوا ملے گا اور مالی شمولیت کا دائرہ بھی وسیع ہوسکے گا۔ مودی نے کہا کہ یہ عام لوگوں کے رہن سہن کو آسان بنانے کے لئے جاری مہم میںایک اور اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکار نے اس بات کو یقینی بنانے کو اولین ترجیح دی ہے کہ بینک کاری خدمات ہر شخص تک پہنچیں۔ وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ سرکار کم سے کم ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کے ساتھ زیادہ سے زیادہ خدمات کو یقینی بنانے کے لئے کام کررہی ہے۔ مودی نے کہا کہ نئے بھارت میں ہر ایک کو بینک کاری خدمات آسانی کے ساتھ میسر ہوسکیں گی۔ وزیر اعظم کہا کہ آج ملک ایک بار پھر ڈیجیٹل انڈیا کی استطاعت کا گواہ بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کے 99 فیصد سے زیادہ دیہات میں 5 کلومیٹر کے اندر کوئی نہ کوئی بینک برانچ، بینکنگ آؤٹ لیٹ یا بینکنگ فرینڈ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر ایک لاکھ بالغ آبادی کے لیے بینک کی جتنی شاخ موجود ہے، وہ جرمنی، چین اور جنوبی افریقہ جیسے ممالک سے بھی زیادہ ہیں۔ ہم عام انسانوں کا معیار زندگی بدلنے کے عزم کے ساتھ دن رات محنت کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ نظام کو بہتر کریں، شفافیت اور آخری صف میں کھڑے شخص تک پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نے جن دھن کھاتہ کی مہم شروع کی تو آوازیں اٹھیں کہ غریب بینک کھاتہ کا کیا کریں گے، یہاں تک کہ اس فیلڈ کے بہت سے ماہرین بھی نہیں سمجھ پارہے تھے کہ اس مہم کی اہمیت کیا ہے۔ لیکن بینک اکاؤنٹ کی طاقت کیا ہوتی ہے، یہ آج پورا ملک دیکھ رہا ہے۔