عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//وزیر اعظم نریندر مودی 20اور 21جون 2024 کو جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے۔وزیر اعظم سری نگر کے شیرِ کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس سینٹرمیں 20ون کو شام 6بجے کے قریب’نوجوانوں کو بااختیار بنانے، جموں و کشمیر کی تبدیلی‘کے پروگرام میں شرکت کریں گے۔وزیر اعظم جموں و کشمیر میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وہ زراعت، اس سے منسلک سیکٹروں کے(جے کے سی آئی پی) میں مقابلہ جاتی بہتری کے پروجیکٹ کا بھی آغاز کریں گے۔وزیر اعظم ایس کے آئی سی سی میں 21جون کو صبح تقریباً 6.30بجے یوگا کے 10ویں عالمی دن کی تقریب کی قیادت کریں گے۔ اس سال کا ایونٹ نوجوان ذہنوں اور جسموں پر یوگ کے گہرے اثرات کو نمایاں کرتا ہے۔ اس تقریب کا مقصد یوگ کی مشق میں ہزاروں افراد کو متحد کرنا، عالمی سطح پر صحت اور تندرستی کو فروغ دینا ہے۔
وزیر اعظم اس موقع پر ایک اجتماع سے خطاب کریں گے اور اس کے بعد سی وائی پی یوگا اجلاس میں حصہ لیں گے۔ وزیر اعظم جموں و کشمیر کے کامیابی حاصل کرنے والے نوجوانوں کے ساتھ بات چیت کریں گے اور سٹالز کا معائنہ بھی کریں گے۔وزیراعظم 1,500کروڑ ر وپے سے زیادہ مالیت کے 84بڑے ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور افتتاح کریں گے۔ افتتاح میں سڑک کا بنیادی ڈھانچہ ، پانی کی سپلائی کی سکیمیں اور اعلیٰ تعلیم میں بنیادی ڈھانچے سے متعلق پروجیکٹ شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم چنانی۔ پٹنی ٹاپ۔ ناشری سیکشن کی بہتری، صنعتی اسٹیٹس کی ترقی اور 06گورنمنٹ ڈگری کالجز کی تعمیر جیسے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔وزیر اعظم زراعت اور متعلقہ شعبوں میں مقابلہ جاتی بہتری (جے کے سی آئی پی) کے پروجیکٹ کا بھی آغاز کریں گےجس کی مالیت1,800روڑ روپے ہے۔ یہ پروجیکٹ جموں و کشمیر کے 20اضلاع کے 90بلاکوں میں نافذکئے جائیں گے اور اس پروجیکٹ کی رسائی 300,000گھرانوں تک ہوگی، جس میں 15لاکھ مستفیدین شامل ہوں گے۔وزیراعظم سرکاری ملازمت میں تقرر کئے گئے 2000سے زائد ہ افراد کو تقرر نامے بھی تقسیم کریں گے۔ان پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد/ افتتاح اور آغاز نوجوانوں کو بااختیار بنائے گا اور جموں و کشمیر میں بنیادی ڈھانچے کو اپ گریڈ کرے گا۔