عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر اعظم نریندر مودی ممکنہ طور پر اگلے ماہ جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے۔بتایا جاتا ہے کہ انکاضلع اننت ناگ میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرنے کا پروگرام ہے۔اگست 2019 میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد وادی کشمیر کا یہ وزیر اعظم کا پہلا دورہ ہوگا۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ یہ عوامی ریلی آئندہ عام انتخابات کے لئے بی جے پی کی انتخابی مہم کے حصہ کے طور پر منعقد کی جائے گی۔ وزیراعظم کی عوامی ریلی اگلے ماہ ضلع اننت ناگ میں ہونے والی ہے۔پارٹی کا کہنا ہے”اگر چہ صحیح تاریخ کو حتمی شکل دینا ابھی باقی ہے، ریلی 14 سے 17 مارچ کے درمیان کسی بھی دن ہوگی”۔ ذرائع نے کہا، پارٹی وزیر اعظم کے دفتر سے حتمی تاریخوں کا انتظار کر رہی تھی۔ بی جے پی اننت ناگ-راجوری لوک سبھا سیٹ پر توجہ مرکوز کر رہی ہے جس میں جنوبی کشمیر کے شوپیان، کولگام اور اننت ناگ اور جموں کے راجوری پونچھ کے علاقے شامل ہیں۔جموں اور کشمیر میں حلقوں کی حد بندی سے پہلے، اننت ناگ سیٹ صرف جنوبی کشمیر کے چار اضلاع شوپیان، کولگام، پلوامہ اور اننت ناگ پر مشتمل تھی ۔یہ سیٹ نیشنل کانفرنس کے جسٹس(ریٹائرڈ)حسنین مسعودی نے 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں جیتی تھی۔اگست 2019 میں مرکز کے ذریعہ آرٹیکل 370 کی منسوخی اور سابقہ ریاست جموں و کشمیر کو دو مرکزی زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کرنے کے بعد وزیر اعظم کا یہ دورہ وادی کشمیر کا پہلا دورہ ہوگا۔تاہم، یہ مودی کا دو ماہ میں جموں و کشمیر کا دوسرا دورہ ہوگا۔ پی ایم نے 20 فروری کو جموں میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کیا جس کے دوران انہوں نے 32,000 کروڑ روپے سے زیادہ کے متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں کی نقاب کشائی کی۔