یو این آئی
جموں//جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو اگنی پتھ اسکیم پر نظر ثانی کرنی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے خلاف نوجوان سڑکوں پر آ رہے ہیں جس سے ان کی انرجی ضائع ہو رہی ہے۔
موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز یہاں ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ’وزیر اعظم کو چاہئے کہ وہ اس اسکیم پر نظر ثانی کریں بچے اس کے خلاف سڑکوں پر آ رہے ہیں جس سے ان کی انرجی ضائع ہو رہی ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں احتجاج کرنے والے مختلف اسامیوں کے لئے درخواست جمع کرنے والے امیدواروں کی بھی کوئی نہیں سنتا ہے۔
بخاری نے کہا کہ حال ہی میں کشمیر میں ایک ہوٹل کو سرکار نے اپنی تحویل میں لے لیا۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی لوگوں کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے جس سے ان کو انتخابات میں پچاس کیا پانچ سیٹیں بھی حاصل نہیں ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس پارٹی کے لیڈران کا گھروں سے باہر نکلنا مشکل ہوجائے گا اگرچہ آج کل وہ سیکورٹی فورسز کی مدد سے لوگوں میں گھوم رہے ہیں۔