عظمیٰ نیوز سروس
جموں //بی جے پی کے سینئر لیڈر دیویندر سنگھ رانا نے یوگا کی مشق کے بارے میں نوجوانوں کے جوش و جذبے پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان کا قدیم قیمتی تحفہ یوگا کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ۔نگروٹہ میں ایک تقریب کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے دیویندر رانا نے کہا کہ مجموعی جسمانی صحت کو بہتر بنانے اور طاقت میں اضافہ کرنے کے علاوہ، یوگا ذہنی نشوونما اور تندرستی میں مدد کرتا ہے اور اضطراب کا مقابلہ کرتا ہے۔انہوں نے یوگا کو عالمی سطح پر لانے کے لئے وزیر اعظم کی ستائش کی جس میں اقوام متحدہ نے اُسے 2014 میں بین الاقوامی یوگا ڈے کے طور پر قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ اس کے بعد سے وزیر اعظم اس تقریب کو بڑے پیمانے پر فروغ دے رہے ہیں اور سرینگر میں ڈل جھیل کے کنارے مرکزی تقریب میں حصہ لینے والے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں سے اس سے بہتر کوئی ردعمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا نے زبروان پہاڑیوں سے گھرے ایس کے آئی سی سی کے سرسبز و شاداب لان میں وزیر اعظم کے پیچھے پرجوش نوجوانوں کو ریلی کرتے دیکھا۔دیویندر رانا نے کہا کہ یوگا کی مشق اتحاد اور برادری کے احساس کو پروان چڑھاتی ہے اور یوگا سیشنز میں شرکت مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک ساتھ لاتی ہے، یگانگت اور باہمی افہام و تفہیم کے احساس کو فروغ دیتی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بھارت کی شاندار روایات کے مطابق یوگا کی مشق کرنے سے یقیناً زندگی کے مختلف شعبوں، نسلوں اور ثقافتوں کے لوگوں کے درمیان واسودیو کٹمبکم کی حقیقی روح میں ہم آہنگی پیدا ہوگی۔رانا نے عام طور پر لوگوں اور خاص طور پر نوجوانوں سے صحت، ہم آہنگی اور امن کو فروغ دینے کے لئے یوگا کی روح کو اپنانے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ یوگا کی مشق کو پوری دنیا میں نسل انسانی کی مجموعی ہم آہنگی اور فلاح و بہبود کیلئے نہ صرف اس پر عمل پیرا ہونا چاہیے بلکہ اس کی وصیت کی جانی چاہیے۔