عظمیٰ نیوز سروس
رام نگر//مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور ادھم پور لوک سبھا حلقہ کے بی جے پی امیدوار نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے خواتین کو عزت کے ساتھ ’زندگی گزارنے میں آسانی‘پیدا کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس کا ثبوت گزشتہ 10 سالوں میں وزیر اعظم مودی کی طرف سے شروع کی گئی خواتین پر مبنی اصلاحات اور اسکیموں کے سلسلے میں انتہائی حساسیت کے ساتھ نظر آتا ہے جو آزادی کے بعد تقریباً چھ دہائیوں تک سابقہ حکومتوں کے دوران غائب تھی۔انتخابی میٹنگوں کی ایک سیریز سے خطاب کرتے ہوئے جن میں زیادہ تر خواتین سیلف ہیلپ گروپس اور خواتین منتخب نمائندوںکی ایک بڑی تعداد شامل تھی، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے یاد دلایا کہ مودی نے اس وقت تاریخ رقم کی جب وزیر اعظم کے طور پر لال قلعہ سے اپنے پہلے ہی یوم آزادی کے خطاب میں خواتین کے لئے بیت الخلاء کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی تھی ۔انہوں نے کہاکہ کسی کو اس کی سنگینی کا اندازہ نہیں تھا لیکن پہلے ہی سال میں خواتین کے لئے تقریباً 4 لاکھ بیت الخلاء تعمیرکئے گئے اور پھر ہر گھر میں بیت الخلا بنانے کی مہم میں تبدیل ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس واحد فیصلے سے نہ صرف خواتین کی زندگی میں راحت اور صحت مندی آئی بلکہ انہیں کھلے میں رفع حاجت کیلئے جانے کی مجبوری سے آزاد کر کے عزت بھی بخشی دی گئی۔وزیر مملکت نے کہا کہ اجوالا اسکیم کے ذریعے 10 کروڑ سے زیادہ گھریلو خواتین کو دھواں دار کچن کے ذریعے کھانا پکانے اور ان کے پھیپھڑوں کی صحت کو خطرے میں ڈالنے کی غیر صحت مند حالت سے نجات دلائی گئی ہے کیونکہ اب انہیں گیس سلنڈر کا استعمال آسان اور صحت مندانہ طور پر کرنے کی سہولت میسر ہے۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ان تمام اسکیموں نے نہ صرف اس ملک کی خواتین کی زندگیوں میں سکون پہنچایا ہے بلکہ انہیں خود اعتمادی بھی دی ہے اور اپنے مرد ہم منصبوں پر ان کا انحصار کم کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت ’پکا مکان‘ اب خاتون شریک حیات یا گھریلو خاتون کے نام پر بنایا گیا ہے۔ دوسری طرف مدرا اسکیم کے تحت بغیر کسی گارنٹی کے روزی روٹی کے لئے قرض فراہم کئے جاتے ہیں اور ان میں سے اب تک 60 فیصد سے زیادہ خواتین نے حاصل کی ہیں۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ نوجوان خواتین میں سائنس اور ٹکنالوجی کو فروغ دینے کے لئے خصوصی اسکیمیں متعارف کرائی گئی ہیں، اور ان میں خصوصی اسکالرشپ اور خصوصی پروگرام شامل ہیں جو عورت میں اس کی زندگی کے ہر مرحلے پر ٹیکنالوجی کی مہارت کو فروغ دینے کے لئے وقف ہیں۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہاکہ وہ اپنے حلقے کے دور دراز دیہاتوں میں بھی خواتین میں جو جوش و خروش اور خود اعتمادی دیکھ رہے ہیں، وہ مودی اصلاحات کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔