عظمیٰ نیوز سروس
جموں //بی جے پی ہیڈکوارٹر، تریکوٹہ نگر جموں میں منعقدہ ایک تقریب میں حاجی محمد یوسف مجنو، صدر آل جموں و کشمیر گوجر بکروال کانفرنس نے جموں و کشمیر کے تمام علاقوں سے اپنے سینکڑوں حامیوں کے ساتھ بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔رویندر رینہ صدر جے اینڈ کے بی جے پی، اشوک کول، جنرل سکریٹری (تنظیم)، ایم پی (راجیہ سبھا) ،غلام علی کھٹانہ، سابق وزیر عبدالغنی کوہلی، سابق ایم ایل اے بلونت سنگھ منکوٹیہ اور پارٹی کے دیگر سینئر عہدیداروں نے حاجی اور ان کے حامیوں کا پارٹی میں خیرمقدم کیا۔رویندر رینہ نے پارٹی میں ان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ گجر اور بکروال اپنے سیاسی حقوق سے محروم تھے اور جموں و کشمیر میں 370 سے پہلے ان کی کوئی سیاسی نمائندگی نہیں تھی تاہم مودی حکومت نے اُسے منسوخ کرنے کا جرات مندانہ فیصلہ لیا جس سے معاشرے کے تمام طبقات کو نمائندگی دینے کی راہ ہموار ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان برادریوں کو این سی اور کانگریس نے آزادی کے بعد سے ہی علاقہ اور مذہب کے نام پر بیوقوف بنایا ہے۔رینہ نے کہا کہ مودی حکومت کی پالیسیوں نے ان برادریوں کا سیاسی نظام میں اعتماد بڑھایا ہے اور وہ بی جے پی میں شامل ہو رہے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ وزیر اعظم مودی کا ملک کو ترقی کی نئی بلندیوں پر لے جانے کا وژن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منسوخی کے بعد ترقی کے 370 نئے باب لکھے گئے ہیں اور جموں و کشمیر ’’سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس، سب کا پرایاس‘‘ کے خطوط پر ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ایم مودی نے غریبوں اور ضرورت مندوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے اسکیمیںشروع کی ۔رینہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کا بی جے پی کی پالیسیوں پر پختہ یقین ہے اور وہ اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ یہ وزیر اعظم مودی ہی ہیں جنہوں نے جموں و کشمیر میں امن اور ترقی کی۔اشوک کول نے پارٹی میں نئے آنے والوں کا خیرمقدم کیا اور اس بات کو یقینی بنایا کہ وہ آن لائن موڈ کے ذریعے اپنی شمولیت کو مکمل کریں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ حاجی محمد یوسف مجنو کی قیادت میں نئے شامل ہونے والے پارٹی لائن پر عمل کرتے ہوئے لگن سے کام کریں گے اور حاجی یوسف کی شمولیت سے رام بن، اننت ناگ، شوپیاں اور ملحقہ علاقوں میں بی جے پی کو تقویت ملے گی۔شمولیت کی سہولت فراہم کرنے والے غلام علی کھٹانہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں نے یہ سمجھ لیا ہے کہ جموں و کشمیر کی ترقی صرف بی جے پی کی حکومت میں ہی ممکن ہے کیونکہ یہ ملک کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے جذبے کے ساتھ قوم اور سماج کی خدمت کرتی ہے۔