سرینگر//اے آئی سی ٹی ای نے اعلیٰ تعلیمی محکمہ کے اشتراک سے کل امر سنگھ کالج سرینگر میں ریاست کے طلباء کے لئے وزیر اعظم خصوصی سکالر شپ سکیم سے متعلق ایک روزہ بیداری ورکشاپ کا انعقاد کیا۔اس ورکشاپ کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ خواہش مند طلباء ، والدین اور دیگر متعلقین کو سکیم کے مختلف پہلوئوں اور فوائد کے بارے میں جانکاری دی جاسکیں۔اس ورکشاپ میں لگ بھگ 1000افراد نے شرکت کی۔اس موقعہ پر ماہرین نے سکیم کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کرتے ہوئے سوالات کا جواب دیا اور متعلقین کے خدشات کو بھی دور کیا۔ پی ایم ایس ایس ایس مشیر ( اے آئی سی ٹی ای ) پروفیسر مکھیڑے ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ( آر آئی ایف ڈی۔ پی ایم ایس ایس ایس) راکیش کمار گنجو ، رجسٹرار کلسٹر یونیورسٹی سرینگر ڈاکٹر یاسین احمد شاہ ، امر سنگھ کالج کے پرنسپل پروفیسر محمد اسلم بابا اور دیگر افسران بھی ورکشاپ میں موجود تھے۔واضح رہے کہ اب تک سکیم کے تحت 17000سے زیادہ طلباء نے تعلیمی سیشن-18 2017ء کے لئے اپنے ناموں کا اندراج کروایا ہے۔ آل انڈیا کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن نے طلباء کی زبردست دلچسپی کو مد نظر رکھتے ہوئے آن لائن کی رجسٹریشن کی آخری تاریخ 31؍ مئی 2017ء تک بڑھا دی ہے۔اس سال انجینئرنگ مضامین کے تحت 2800 نشستیں جب کہ دیگر کورسوں کے تحت 1000 نشستیں وزیر اعظم خصوصی سکالر شپ سکیم کے تحت دستیاب ہوں گی۔