عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے کہا ہے کہ دہلی میں 10 نومبر کو ہوئے کار دھماکے کے ملوثین کو سخت سزا دی جائے لیکن ملک کے کسی بھی حصے میں مقیم کشمیریوں کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے لئے ضروری ہے کہ وہ کشمیری طلبا اور دیگر برادریوں کو ملک کے مختلف حصوں میں در پیش بڑھتے ہوئے مسائل کے خاتمے کے لئے فوری اقدام کرے۔موصوف نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کیا۔ انہوں نے کہا ‘دہلی میں 10 نومبر کو ہونے والے ہلاکت خیز دھماکے کے تناظر میں ضروری ہے کہ مجرموں اور اس کے تمام ملوثین کو گرفتار کرکے سخت سزا دی جائے لیکن اس کے ساتھ ملک کے کسی بھی حصے میں رہنے والے ہر کشمیری کو کسی بھی طرح کی ہراسانی اور دھمکی سے محفوظ رکھنا بھی لازمی ہے’۔ان کا کہنا ہے: ‘مرکزی حکومت کو لازمی طور پر سخت اقدام کرنے چاہئے تاکہ کشمیری طلبہ اور دیگر کمیونیٹز کو ملک کے مختلف حصوں میں درپیش بڑھتے ہوئے مسائل کا خاتمہ ہوسکے، میڈیا پر بھی بھاری ذمہ داری ہے کہ وہ ذمہ دارانہ رپورٹنگ کرے اور نفرت انگیزی کو ہوا نہ دے’۔ بخاری نے کہا ‘یہ واضح ہے کہ ملک دشمن عناصر کشمیریوں اور ملک کے باقی حصوں کے لوگوں کے درمیان عدم اعتماد کی خلیج کو بڑھانا چاہتے ہیں’۔انہوں نے کہا ‘کشمیریوں کے خلاف کسی قسم کی دشمنی، شکوک یا ہراساں کرنا دشمن کے ایجنڈے کو تقویت دیتا ہے، ہمیں اس کی اجازت نہیں دینی چاہیے’۔ بخاری نے وزیر اعظم نریندر مودی پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ بات چیت کے اپنے وعدے کو پورا کریں تاکہ کشمیر اور نئی دہلی کے درمیان خلیج کو پر کرنے میں مدد ملے۔انہوں نے یہ اپیل پارٹی ہیڈکوارٹر سرینگر میں پارٹی کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کی۔انہوںنے جموں و کشمیر کے لوگوں کے درمیان اعتماد سازی کا آغاز کرنے کے لیے مرکز سے اپیل کرتے ہوئے کہا، “نئی دہلی پاکستان سے بات کرنے کا انتخاب کر سکتا ہے یا نہیں کر سکتا ہے ،یہ فیصلہ مکمل طور پر ملک کی قیادت پر منحصر ہے، لیکن میں وزیر اعظم اور وزیر داخلہ سے درخواست کرتا ہوں کہ جموں اور کشمیر کے لوگوں کے ساتھ بات چیت شروع کریں، براہ کرم دہلی اور کشمیر کے نئے وعدے کو پورا کیے بغیر اپنے نئے وعدے کو پورا کریں۔” انہوں نے مزید کہا، “آپ کو جموں و کشمیر کے لوگوں کے دل اور دماغ جیتنا ہوں گے، اور آپ کو بداعتمادی کے موجودہ خلا کو پر کرنا پڑے گا۔ جموں و کشمیر کے لوگ اس ملک کے شہری ہیں اور ہندوستان کے ہر دوسرے حصے کے لوگوں کے برابر حقوق رکھتے ہیں، کشمیری طلبا اور ملک کے مختلف حصوں میں رہنے والی دیگر کمیونٹیز کو ہراساں اور دھمکیاں ختم ہونی چاہئیں۔”انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو جو کچھ بھی ہوا وہ ہماری تاریخ کا ایک سیاہ باب رہے گا۔ جموں و کشمیر کے لوگوں کا آرٹیکل 370 سے جذباتی لگا تھا، جسے اس دن منسوخ کر دیا گیا تھا۔ مزید یہ کہ دو سو سال سے زیادہ کی تاریخ والی ریاست کو تقسیم کر کے دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔