یو این آئی
نئی دہلی//ہماچل پردیش کے وزیر اعلی ٹھاکر سکھویندر سنگھ سکھو نے ہفتہ کو یہاں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی اور ان سے آفت سے ہوئے نقصان کیلئے معاوضہ کی رقم جاری کرنے کی درخواست کی۔ہماچل پردیش حکومت کی سرکاری اطلاعات کے مطابق ’’وزیر اعلیٰ نے وزیر داخلہ پر زور دیا کہ وہ سال 2023کی مانسون میں شدید قدرتی آفت کے دوران ریاست کو ہوئے بھاری نقصان کیلئے معاوضہ جاری کریں۔ ریاستی حکومت نے مرکز سے آفات کے بعد کی ضرورت کے ازالے کیلئے مالی امداد کی درخواست کی ہے لیکن مرکزی حکومت نے ابھی تک امدادی رقم فراہم نہیں کی ہے‘‘۔انہوں نے کہا’’ سکھو نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ قدرتی آفات کے دوران پینے کے پانی، آبپاشی کی اسکیموں، بنیادی ڈھانچے، سڑکوں اور پلوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ ہماری حکومت نے زندگی کو معمول پر لانے کے لیے راحت اور بحالی کے کاموں کو انجام دینے کے لیے اپنے وسائل کا استعمال کیا ہے‘‘ ۔وزیر اعلیٰ نے مرکزی وزیر کے ساتھ ریاست کے مفاد ات سے متعلق مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ مرکزی وزیر داخلہ نے ریاست کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا یقین دلایا۔