عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج ٹی آر سی فٹ بال گرائونڈ، سرینگر میں 69ویں نیشنل سکول گیمز کا باضابطہ طور پر افتتاح کرنے کا اعلان کرتے ہوئے رسمی طور پر فٹ بال کو لات مار کر قومی سطح کے کھیلوں کے مقابلے کا باقاعدہ آغاز کیا۔افتتاحی تقریب میں سپورٹس کونسل کئی معززین اور عہدیداروں نے شرکت کی۔اس سال کے نیشنل سکول گیمز میں ملک بھر کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی نمائندگی کرنے والی 30 ٹیموں نے شرکت کی ہے، جس کے میچ چھ مختلف مقامات پر کھیلے جانے والے ہیں۔ ان مقابلوں میں فٹ بال، ووشو، تائیکوانڈو اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے شامل ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کھیل ملک کے مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے درمیان اتحاد، دوستی اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا”کھیل اتحاد اور دوستی کے پل باندھتے ہیں۔ مجھے 69 ویں نیشنل سکول گیمز کے افتتاح کے موقع پر آپ کے ساتھ آکر خوشی ہوئی ہے۔ میری طرف سے اور جموں کے تمام اہلِ کشمیر کی طرف سے آپ کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں‘‘۔ انہوں نے شرکا کو حکومت اور منتظمین کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے آرام اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔انہوں نے کہا، “ہم آپ کے قیام اور شرکت کو آرام دہ بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔” وزیر اعلیٰ نے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ مقابلے اور دوستی کے تجربے سے لطف اندوز ہوں۔30 حصہ لینے والی ٹیموں نے مارچ پاسٹ میں حصہ لیا۔ کھلاڑیوں، کوچز اور ٹیم آفیشلز نے بھی سپورٹس مین شپ کا حلف اٹھایا۔