عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//بھاجپا کے قومی جنرل سیکریٹری اورجموں کشمیر کے انچارج ترون چگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی جماعت پارلیمانی اور جموں کشمیر اسمبلی چنائوبھاری اکثریت سے جیت لے گی۔چگھ نے کہاکہ جب سے وزیراعظم نریندر مودی نے مرکزمیں زمام اقتدارسنبھالا،پورے ملک میں زمینی سطح پربھاری تبدیلیاں آئیں اورلوگوں نے دیکھ لیااور اب فیصلہ کیا ہے کہ وہ اس حکومت کو ایک بار اور موقع دیں گے تاکہ ملک عالمی سطح پر ترقی یافتہ ممالک بن جائے۔انہوں نے کہا کہ بھاجپا نے قوم دشمن عناصر،جن کی ماضی میں کچھ خودغرض سیاستدان سرپرستی کررہے تھے،کیخلاف کارروائی کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کی ۔چگھ نے کہا،’’مودی حکومت نے دہشت گردی اور قوم دشمن عناصر کیخلاف سخت کارروائی کرکے ملک میں دہشت گردی کاخاتمہ کیا۔اس کے علاوہ جو لوگ ان کی سرپرستی کررہے تھے اورنوجوانوں کو ملک کے خلاف اکسارہے تھے ،پرپابندی عائد کی گئی ۔یہ سب مودی حکومت میں ہوا۔‘‘انہوں نے خاندانی سیاسی جماعتوں پربرستے ہوئے کہا نیشنل کانفرنس،پی ڈی پی اور کانگریس نے جموں کشمیر کو غیریقینی کے ماحول میں دھکیل دیاتھااورلوگوں کو اپنے سیاسی مقاصدکیلئے بیوقف بنایااورہزاروں نوجوانوں کے مستقبل کوبرباد کیا۔چگھ نے کہا کہ بھاجپا نے جموں کشمیر میں پوری طرح قدم جمائے ہیں اورنوجوانوں نے وزیراعظم کے بیانیہ پردھیان دینا شروع کیا ہے ۔انہوں نے مزیدکہا کہ بھاجپاپارلیمانی اورجموں کشمیر اسمبلی انتخابات دونوں میں جیت درج کرے گی۔