یواین آئی
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے رواں مالی سال کے عام بجٹ کی تیاریوں کے درمیان جمعرات کو نیتی آیوگ میں ملک کے سرکردہ ماہرین اقتصادیات کے ساتھ بات چیت کی۔اس میٹنگ میں وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن اور نیتی آیوگ کے وائس چیئرمین سمن بیری بھی موجود تھے۔ذرائع کے مطابق اقتصادیات، صنعت کے ماہرین اور نیتی آیوگ کے وائس چیئرمین نے میٹنگ میں مالیاتی صورتحال اور حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم کو اپنے خیالات اور سفارشات پیش کیں۔مرکز میں اپنی تیسری میعاد میں مودی کی قیادت والی حکومت کا یہ پہلا بجٹ ہوگا۔ مودی روس اور آسٹریا کے دو ملکوں کے دورے کے بعد دارالحکومت واپس آئے۔گزشتہ ماہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر دروپدی مرمو نے اشارہ دیا تھا کہ حکومت اصلاحات کی رفتار کو تیز کرنے کے لیے تاریخی اقدامات کرے گی۔وزیر خزانہ نے آنے والے بجٹ پر ماہرین اقتصادیات اور صنعت کے رہنماؤں سمیت مختلف اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت کی ہے۔ پارلیمنٹ کا اجلاس 22 جولائی سے شروع ہو رہا ہے اور 23 جولائی کو محترمہ سیتا رمن ریکارڈ ساتویں بار عام بجٹ پیش کریں گی۔ اس میں عبوری بجٹ بھی شامل ہے۔