عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر //عبداللہ اور مفتیوں پر جموں و کشمیر کے لوگوں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کا الزام لگاتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی جنرل سیکرٹری اور جموں کشمیر انچارج ترون چگھ نے کہا کہ نریندر مودی حکومت میں ہی جموں و کشمیر نے بندوق کے کلچر کا پرچار کرنے والے لوگوں کے ہاتھوں میں کھیلنے کے بجائے اپنی ترقی اور خوشحالی کیلئے روڈ میپ بنانا شروع کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے بھاجپا کے قومی جنرل سیکرٹری اور جموں کشمیر و لداخ انچارج ترون چگھ نے کہا کہ کشمیر میں مقیم سیاسی قیادت خاص طور پر عبداللہ اور مفتیوں کی نیت ہمیشہ جموں و کشمیر کے لوگوں میں اپنے معمولی سیاسی فائدے کے لیے عدم تحفظ کا احساس پیدا کرنا رہی ہے۔ انہوں نے ہمیشہ علاقے کے لوگوں کے اعتماد کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے کہا’’ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے “سب کا ساتھ سب کا وکاس” کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں عوام کے دل جیت لیے ہیں‘‘۔اس موقعہ پر چگھ نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ کئے گئے ترقیاتی کاموں کے پیغام کو عام کریں۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت میں ہی جموں و کشمیر نے بندوق کے کلچر کا پرچار کرنے والے لوگوں کے ہاتھوں میں کھیلنے کے بجائے اپنی ترقی اور خوشحالی کے لیے روڈ میپ بنانا شروع کیا۔انہوں نے کہا ’’ جموں و کشمیر کو بندوق کے کلچر سے ہٹ کر ایک ویژن کی ضرورت ہے جسے مفتیوں اور عبداللہوں نے فروغ دیا ہے۔سینئر بی جے پی لیڈر نے کہا کہ جموں و کشمیر ملک کا اٹوٹ انگ ہے اور یوٹی خطے کو ایک نیا ویژن دینے کے لئے اپنے آئی ٹی ہب اور صنعتی مراکز کو تیار کرنے کی کوشش جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی طرف سے جموں و کشمیر میں خواتین میں تعلیم کو پھیلانے اور نوجوانوں کو ان کے کیریئر میں نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تربیت دینے کے لیے خصوصی کوششیں کی گئی ہیں۔