نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو روس کے صدر ولادیمیر پوتن سے بات کی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ یوکرین اور روس کے درمیان تنازعہ کو حل کرنے کا واحد راستہ بات چیت اور سفارت کاری ہے ۔وزیراعظم کے دفترکے مطابق ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے ساتھ ساتھ سمرقند میں اپنی میٹنگ کے بعد توانائی کے شعبے میں تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری، دفاعی اور سیکیورٹی تعاون اور دیگر اہم شعبوں کے ساتھ ساتھ دوطرفہ تعلقات کے متعدد پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ مودی نے یوکرین میں جاری تنازعہ کے تناظر میں بات چیت اور سفارت کاری کے اپنے مطالبے کو دہرایا اور کہا کہ تنازعات کو حل کرنے کا یہی واحد راستہ ہے ۔روس کے سفارت خانے کے مطابق، پوتن نے مودی کی درخواست پر یوکرین روس جنگ کے بارے میں اپنے جائزے اور خیالات کا اشتراک کیا۔ دونوں لیڈروں نے ایک دوسرے کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔وزیر اعظم نے صدر پوتن کے ساتھ ہندوستان کی موجودہ جی 20 چیئرمین شپ پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اپنی اہم ترجیحات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کی ہندوستان کی سربراہی کے دوران مل کر کام کرنے کی امید بھی ظاہر کی۔