ہندستانی کپتان وراٹ کوہلی نے دوسرے سیشن میں سری لنکائی کھلاڑیوں کی آلودگی کی وجہ سے بار بار کھیل روکے جانے سے تنگ آکر ہندستان کی پہلی اننگز سات وکٹ پر 536 رن پر ڈکلئیرکر دی ۔ سری لنکا نے اس کے جواب میں دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک 44.3 اوور میں تین وکٹ پر 131 رنز بنا لئے ہیں اور وہ اب ہندستان کے اسکور سے 405 رنز پیچھے ہے ۔آلودگی کی بات اٹھا کر دوسرے سیشن میں تین چار بار کھیل رکوانے والی سری لنکا کی ٹیم کو اس کی اننگز کی پہلی ہی گیند پر جھٹکا لگا جب دمتھ کرونارتنے فاسٹ بولر محمد سمیع کی گیند پر وکٹ کے پیچھے لپکے گئے ۔اننگز کے چھٹے اوور میں ایشانت شرما نے دھننجے ڈی سلوا (1) کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔سری لنکا کا دوسرا وکٹ 14 کے اسکور گر گیا۔دلروان پریرا (42) اور اینجلو میتھیوز (ناٹ آؤٹ 57) نے تیسرے وکٹ کے لئے 61 رن کی ساجھے داری کی۔پریرا کو لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ نے ایل بی ڈبلیو کیا۔میتھیوز نے اس کے بعد کپتان دنیش چنڈیمل کے ساتھ باقی کھیل محفوظ نکال لیا۔میتھیوز نے آف اسپنر روی چندرن اشون پر مسلسل دو چھکے مار کر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔وراٹ اور شکھر دھون نے دو آسان کیچ ڈراپ کئے ورنہ سری لنکا کی حالت اور زیادہ خراب ہو سکتی تھی۔اسٹمپس کے وقت میتھیوز آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 57 اور چنڈیمل تین چوکوں کے سہارے 25 رن بنا کر کریز پر تھے ۔ دونوں نے چوتھے وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 56 رن جوڑ دیئے ۔میچ کا دوسرا دن بڑا ہی دلچسپ رہا۔پہلے اور آخری سیشن میں آلودگی کی کوئی شکایت نہیں ہوئی لیکن دوسرے سیشن میں سات سری لنکائی کھلاڑی ماسک پہن کر میدان میں اترے۔