عظمیٰ سپورٹس ڈیسک
نئی دہلی//ماہر اور سابق ہندوستانی کرکٹر سنجے منجریکر کا ماننا ہے کہ وراٹ کوہلی تیسرے نمبر پر اتنے موثر نہیں ہیں اور انہیں روہت شرما کے ساتھ اننگز کا آغاز کرنا چاہئے۔منجریکر نے کہا، ” جس طرح کی ہندستانی ٹیم منتخب کی گئی ہے، اس سے اس نے اپنے لیے مسائل پیدا کیے ہیں۔ کیونکہ اگر آپ نے آئی پی ایل میں بھی دیکھا ہوگا تو وراٹ کوہلی پہلے چھ اووروں میں تیز شروعات کر رہے تھے۔ لہٰذا اگر انہیں یہ فائدہ نہ ملے تو کوئی مسئلہ ہو سکتا ہے کیونکہ تین پر ویسا ایڈوانٹیج نہیں ملتا۔ کوہلی تیسرے نمبر پر اتنے موثر نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا، ‘‘اگر یشسوی جیسوال کو بائیں اور دائیں ہاتھ کے امتزاج کو یقینی بنانے کے لیے کھلانا ہی ہے تو میں کہوں گا کہ وراٹ کوہلی کے بجائے روہت شرما کو تیسرے نمبر پر کھیلنا چاہیے کیونکہ کوہلی کے مقابلے تیسرے نمبر پر روہت کی بلے بازی میں اتنا فرق نہیں پڑے گا لیکن شاید ایسا نہیں ہوگا، یشسوی جیسوال باہر بیٹھیں گے۔انہوں نے کہا، ‘‘مجھے پلیئنگ الیون میں دوبے کے لیے جگہ نظر نہیں آ رہی ہے۔ اگر میں سلیکٹر ہوتا تو ان کی جگہ رنکو سنگھ میری ٹیم میں ہوتے کیونکہ رنکو نے بین الاقوامی کرکٹ میں بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا لیکن آئی پی ایل کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔ سلیکٹرز نے کہا تھا کہ وہ آئی پی ایل کی کارکردگی کو اتنی اہمیت نہیں دیں گے لیکن چونکہ رنکو سنگھ آئی پی ایل میں زیادہ کچھ نہیں کر سکے اس لیے ٹی ٹوئنٹی میں ان کی کارکردگی کو سب بھول گئے۔ جنوبی افریقہ میں انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔