سرینگر//نگینہ انٹرنیشنل کی جانب سے ہوٹل شہنشاہ پیلس بلیوارڈ، ڈلگیٹ میں ایک پروقار ادبی نشست کا اہتمام ہوا، جس میں وادی کی ادبی کہکشاں کی موجودگی میں نگینہ انٹرنیشنل کے تازہ شمارہ ’’سال نامہ 2017ء‘‘ ، وحشی سعید کی تازہ تصنیف ’’ارسطو کی واپسی‘‘ (ترتیب وتدوین نور شاہ، ڈاکٹر اشرف آثاری) ، نور شاہ کے تازہ افسانوی مجموعہ ’’ایک معمولی آدمی‘‘ ، کلچرل اکادمی کے اردو شیرازہ کے صوفی غلام محمد نمبر اور ڈاکٹر منصور خوشتر کی کتاب ’’ اردو ناول کی پیش رفت‘‘ کی تقریب رونمائی انجام دی گئی۔ تبصرے نور شاہ، وجیہہ احمد اندرابی، محمد عبداللہ خاور، ڈاکٹر اشرف آثاری، غلام نبی کمارنے لکھے تھے اور پھر حاضرین کے سامنے پڑھے گئے۔ نشست کی صدارت جسٹس (ر) بشیر احمد کرمانی نے کی اورایوان صدارت میںپروفیسر محمد زمان آزردہ ،پروفیسر شفیقہ پروین، ڈاکٹر سید شجاعت بخاری، ڈاکٹر حفیظ احمد مسعودی اور میزبان وحشی سعید چیف ایڈیٹر نگینہ انٹرنیشنل موجود تھے۔مقررین نے ’’نگینہ انٹرنیشنل‘‘ اور اراکین نگینہ کے اردو زبان وادب کی بے لوث خدمات کو کافی سراہا اور نگینہ جیسے ضخیم معیاری اردو رسائل کی متواتر اشاعت اور دنیا کے کونے کونے میں پھیلی اردو بستیوں میں اس کی ترسیل کی تعریفیں کی گئیں ۔ اس موقعے پربتایا گیا کہ نگینہ 2018ء میں اپنی اشاعت کے پچاس سال پورے کررہاہے اور نگینہ کا اگلا شمارہ گولڈن جوبلی نمبر ہوگا جو ہرلحاظ سے ایک یادگار ی نمبر ہوگا۔