سرینگر// مجلس علمائے امامیہ کشمیر کے زیر اہتمام باغ زینب علی آباد شالیمار میں وحدت امت میراث نبوت کے عنوان سے ایک روزہ بین المسالک کانفرنس منعقد ہوئی جس میں مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے علما،خطبااور ائمہ نے شرکت کی۔بیان کے مطابق کانفرنس میں علماء نے امت مسلمہ کو درپیش مسائل ومشکلات کے حوالے سے تاثرات اور تجاویز پیش کیں۔انہوں نے دینی قیادت کے فروغ، اتحادو اتفاق کے قیام اورملت اسلامیہ کشمیر کو ایک ہی پلیٹ فارم پر لانے، اخلاقی بے راہ روی روکنے ، سماجی بدعات کی روکتھام،قرآنی طرز زندگی سے ملت اسلامیہ کو روشناس کرانے اور دینی تعلیم کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی ۔شیعہ وسنی علماء نے کہا کہ وہ متحد ہوکر اتحاد واتفاق کے فروغ کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کریں گے اور ایسے مباحث اورتقاریر سے گریز کیا جائے گا جس سے امت کے کسی بھی فرقہ سے تعلق رکھنے والوں کی دل آزاری ہو ۔کانفرنس سے مفتی ناصر الاسلام ،مولانا شیخ غلام رسول نوری،مولانا مسرور عباس انصاری،مولانا قانونگو ،آغا سید ہادی ،مولانا سمیر صدیقی،مولانا سید حسین موسوی،آغا سید اعجاز رضوی،آغا سید مجتبیٰ اورمولانا بشیر احمد بٹ سمیت کئی علماء نے شرکت کی۔