سوپور //شمالی کشمیر کے وتر گام علاقے میں مختلف مواصلاتی کمپنیوں بشمول بی ایس این ایل کی جانب سے موبائل صارفین کو فراہم کی جانے والی ناقص سروس سے لوگ پریشان ہیں۔ رفیع آباد کے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں بی ایس این ایل ٹاور تب تک کام کرتا ہے جب تک برقی رو دستیاب ہوتی ہے اور بجلی کے جاتے ہی موبائل فونوں کی سرو س بھی ٹھپ ہوجاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی ایس این ایل موبائل فونوں کے ٹھپ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ علاقے کے لوگ پوری دنیا سے کٹ کر رہ جاتے ہیں۔ایک مقامی شہری مبشر احمد میر نے بتایا کہ علاقے میں مختلف کمپنیوں نے ٹائور نصب کئے ہیں مگر صرف بی ایس این ایل ہی کچھ گھنٹوں کیلئے سروس فراہم کرتا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ کئی بار حکام سے درخواست کی گئی مگر بنیادی سطح پر سروس کو بہتر بنانے کیلئے کوئی بھی اقدام نہیں کیا گیا۔