گاندربل// ضلع گاندربل کی بیشتر سڑکوں کی حالت ناگفتہ بہ ہے،جس کی ایک مثال واکورہ گاندربل سڑک ہے جوکئی برسوں سے سرکار کی نظروں سے اوجھل ہے ۔ بادام پورہ سے واکورہ تک تین کلومیٹر یہ سڑک ناقابل آمدورفت ہے،سڑک پر جگہ جگہ بڑے بڑے کھڈ بن چکے ہیں جو بارشوں کے دوران تالاب کی صورت اختیار کرتے ہیں۔ 2017 میں سرکار نے اس سڑک کی مرمت،کشادگی اور میکڈیم بچھانے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر اس پر روک لگا دی گئی۔اس سڑک پر ٹرانسپورٹ کا زبردست دبائو رہتا ہے ،ایسے میں اس سڑک کی ناگفتہ بہ حالت کی وجہ سے تحصیل واکورہ اور اس سے ملحقہ علاقوں کو گوناگوں مسائل و مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔