سمت بھارگو
راجوری//راجوری کی گودر سرانو پنچایت کے بالائی علاقوں میں سینکڑوں افرادپانی کے شدید بحران کی وجہ سے مشکلات سے بھری زندگی گزار رہے ہیں۔ موجودہ واٹر سپلائی اسکیم میں پانی کی شدید کمی کی وجہ سے علاقے کی عوام بُری طرح سے متاثرہو گئی ہے ۔لوگوں نے محکمہ کے خلاف غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔گودر علاقے کے مکینوں نے بتایا کہ ان کا گاؤں زیادہ تر پہاڑی ہے اور اس میں پانی کے قدرتی ذرائع نہیں ہیں اور زیادہ تر لوگ محکمہ جل شکتی کی واٹر سپلائی اسکیم پر انحصار کرتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں واٹر سپلائی کی واحد سکیم مہینوں سے پانی کی کمی سے بند پڑی ہے اور علاقے میں پانی کی بحرانی صورتحال پیدا ہو گئی ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ لوگوں کو پانی کے ایک ایک قطرے کیلئے مصیبت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اس سلسلہ میں محکمہ جل شکتی کے متعلقہ آفیسران کیساتھ ساتھ پی ڈی سی چیئر مین و دیگر منتخب نمائندوں سے بھی رابطہ قائم کیا گیا لیکن ابھی تک کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔رابطہ کئے جانے پر محکمہ جل شکتی کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر ذوالفقار احمد نے بتایا کہ علاقے کی موجودہ واٹر سپلائی اسکیم سوکھ گئی ہے کیونکہ اسکیم کی زندگی کا دورانیہ اب ختم ہوچکا ہے۔موصوف نے بتا کہاکہ پانی کے بحران کی متعدد وجوہات ہیں جن میں پانی کے ذرائع کا ختم ہونا، پائپ لائن کا خراب ہونا اور علاقے میں مکانات کی توسیع شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس علاقے کیلئے حال ہی میں ایک نئی واٹر سپلائی سکیم تجویز کی گئی تھی جس کا ٹینڈر ہو چکا ہے اور ہمیں امید ہے کہ اس نئی سکیم پر جلد کام شروع ہو جائے گا۔