حکومتی سطح پر ابھی تک مسئلہ حل نہیں ہو سکا،فوری طور پرڈاکٹر کی تعیناتی کی مانگ
رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ کے سرکاری ہسپتال میں گزشتہ تین برسوں سے بچوں کی بیماری کے ماہر ڈاکٹر کی تعیناتی نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ خاص طور پر وہ والدین جو اپنے بیمار بچوں کو علاج کے لئے ہسپتال لاتے ہیں، انہیں ڈاکٹر کی عدم موجودگی کے باعث متعدد پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ نوشہرہ میں بچوں کے ماہر ڈاکٹر کی عدم موجودگی کے باعث علاقے کے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور انہوں نے حکومت سے فوری طور پر بچوں کی بیماری کے ماہر ڈاکٹر کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے۔نوشہرہ ہسپتال میں بچوں کی بیماری کے ماہر ڈاکٹر کی کمی کی وجہ سے والدین اپنے بچوں کو علاج کے لئے دوسرے ڈاکٹروں کے پاس لے جانے پر مجبور ہیں، جو اکثر بچوں کے علاج میں ماہر نہیں ہوتے اور ان کی بیماریوں کا درست علاج نہیں کر پاتے۔ اس صورتحال کا سامنا کرتے ہوئے والدین نے متعدد بار تحریری طور پر حکام سے اس مسئلے کو حل کرنے کی درخواست کی، لیکن حکومتی سطح پر ابھی تک اس مسئلے کا کوئی حل نہیں نکالا گیا ہے۔نوشہرہ ہسپتال میں بچوں کی بیماری کے ماہر ڈاکٹر کی کمی کا معاملہ انتہائی سنگین ہوگیا ہے، کیونکہ ہر روز کئی بچے مختلف بیماریوں کا شکار ہوتے ہیں، جنہیں فوری علاج کی ضرورت ہوتی ہے۔ کچھ دن پہلے نو سالہ بچے کو جب اس کے والدین ہسپتال لے کر آئے، تو وہاں بچوں کا ماہر ڈاکٹر دستیاب نہ ہونے کے باعث دوسرے ڈاکٹروں کو اس بچے کا چیک اپ کروانا پڑا۔ اس کے باوجود، ان ڈاکٹروں نے صحیح طریقے سے بچے کی بیماری کا علاج نہیں کیا اور والدین کو مزید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
والدین نے اس بات پر سخت احتجاج کیا اور حکومت سے بچوں کے ماہر ڈاکٹر کی فوری تعیناتی کا مطالبہ کیا۔نوشہرہ کے عوام نے الزام عائد کیا ہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے ہسپتال کی حالت کو حالیہ دنوں میں بالکل نظر انداز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہسپتال میں متعدد ڈاکٹروں کی اسامیاں خالی پڑی ہیں، جن کی وجہ سے ہسپتال میں صحت کی سہولتیں مکمل طور پر متاثر ہو رہی ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ نوشہرہ ہسپتال میں بچوں کے ماہر ڈاکٹر کی کمی کے علاوہ دیگر ڈاکٹروں کی اسامیوں کو بھی بھرنا ضروری ہے تاکہ عوام کو صحت کی بہتر سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔نوشہرہ کے عوام نے وزیر صحت سکینہ اتو سے اپیل کی ہے کہ وہ ہسپتال میں بچوں کی بیماری کے ماہر ڈاکٹر کی فوری تعیناتی کریں اور صحت کی دیگر ضروری خدمات کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر جلد سے جلد اس مسئلے کو حل نہ کیا گیا تو وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے، کیونکہ بچوں کی صحت کے حوالے سے غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔عوام نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی کو دور کیا جائے اور انہیں مکمل طور پر فعال بنایا جائے تاکہ عوام کو علاج کیلئے دوسرے علاقوں کا رخ نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپنے وعدوں کی تکمیل کرتے ہوئے ہسپتال میں ڈاکٹروں کی اسامیوں کو جلد بھرنا چاہیے اور عوامی مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔نوشہرہ کے عوام کا کہنا ہے کہ بچوں کی بیماریوں کا علاج ایک نازک مسئلہ ہے، اور اس کا فوری حل حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے تاکہ بچوں کی زندگیوں کو خطرے سے بچایا جا سکے۔