عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر/نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے نوگام پولیس سٹیشن میں پیش آئے حادثاتی بارودی دھماکے میں انسانی جانوں کے زیاں پر زبردست رنج و الم کا اظہار کیا ہے ۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ اس واقعہ کی تحقیقات ہونی چاہئے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’’یہ ہماری ہی غلطی ہے۔ جن لوگوں کو اس دھماکہ خیز مواد کی بہتر سمجھ تھی، ہمیں چاہیے تھا کہ ہم پہلے ان سے بات کرتے کہ اسے کیسے سنبھالنا ہے، بجائے اس کے کہ خود ہی اسے ہینڈل کرنے کی کوشش کرتے۔ ڈاکٹر فاروق نے دھماکے کے نتائج کو اُن حالات سے بھی جوڑا جس میں دہلی کے حالیہ دھماکے کے بعد پورے ملک میں کشمیریوں کو شبہ کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہم ابھی تک دہلی کے بحران سے نکل ہی نہیں پائے جہاں ہر کشمیری پر انگلیاں اٹھائی جا رہی ہیں۔ آخر کب وہ دن آئے گا جب وہ مانیں گے کہ ہم ہندوستانی ہیں اور ان واقعات کے ذمہ دار نہیں؟ ان سے پوچھیں جو اصل ذمہ دار ہیں کہ یہ ڈاکٹر کیوں مجبور ہوکر اس راستے پر چلے؟ وجہ کیا تھی؟ یہ حالات ایک تفصیلی تحقیقات اور احتساب کے متقاضی ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ اس کی مکمل تحقیق اور مطالعے کی ضرورت ہے۔ ساتھ ہی ذمہ داری طے کرنے اور آئندہ ایسے واقعات کو روکنے کے لئے مؤثر اقدامات کی اپیل کی۔