جموں//مخلوط حکومت میں شامل دو وزراء چوھرری لعل سنگھ اور چندر پرکا ش گنگا کی طرف سے مستعفی ہوجانے کے بعد بھاجپا کی طرف سے آج لیجلسٹیو کمیٹی کی ایک اہم میٹنگ ترکوٹہ نگر دفتر میں منعقد کی جارہی ہے جس میں ان کے متبادل کافیصلہ لیاجائے گا۔دریں اثناء وزیر اعظم نریندر مودی نے اس معاملے پر پہلی بار لب کشائی کرتے ہوئے کہا کہ یہ شرمسار کرینوالا معاملہ ہے، اور ملوثین کو نہیں بخشا جائیگا۔باوثوق ذرائع نے بتایاکہ وزیر برائے جنگلات لعل سنگھ اور وزیر برائے صنعت و حرفت چندر پرکاش گنگا کی طرف سے جمعہ کی شام استعفیٰ بھاجپا کے ریاستی صدر ست پال شرما کو سونپے گئے جس کے بارے میں پارٹی کے ریاستی صدر آج ہورہی میٹنگ میں دیگر لیڈران کوباضابطہ طور پر آگاہ کریںگے اور ان پر پھر فیصلہ کیا جائیگا ۔ بھاجپا کے ترجمان ارون گپتا نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ دونوں وزراء کے باضابطہ استعفیٰ منظور ہونے کے بعد انہیں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو پیش کیاجائے گا ۔ذرائع نے بتایاکہ آج ہورہی میٹنگ کی صدارت پارٹی کے ریاستی صدر ست پال شرما کریںگے جبکہ اس میں نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ ، جنرل سیکریٹریز ، منتخب نمائندے ، وزراء اور دیگر عہدیداران بھی ہوںگے ۔ذرائع کاکہناہے کہ مستعفی ہونے والے وزراء کے متبادل کا انتخاب فوری طور پربھی ہوسکتاہے اور اس میں زیادہ وقت بھی لگ سکتاہے اور اس سلسلے میںحتمی فیصلہ ہائی کمان کوکرناہے ۔تاہم ذرائع کاکہناہے کہ اس حوالے سے بھاجپا کا ریاستی یونٹ ہائی کمان سے رابطے میں ہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ وزراء کے استعفیٰ کا فیصلہ بھی رسانہ واقعہ پرپارٹی ہائی کمان کی ہدایت پر ہواہے ۔واضح رہے کہ دونوں وزراء نے کھٹوعہ واقعہ کے دوران وہاں مظاہرین کیساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پولیس کو دھمکی دی تھی ، اتنا ہی نہیں بلکہ اس جرم میں ملوثین کو بچانے کی بات بھی کہی تھی۔وزیراعظم نریندرمودی نے کٹھوعہ اور اناونامیں عصمت دری کے واقعات کو ملک کو شرمسارکرنیوالا قراردیتے ہوئے کہا کہ قصورواروں کو بخشانہیں جائیگا اور ان بیٹیوں کو انصاف ملے گا۔مودی نے قومی امبیڈکر یادگار کا افتتاح کرنے کے بعد کہا کہ پچھلے دودنوں سے جو واقعات موضوع بحث ہیں وہ یقینا کسی بھی مہذب سماج کے لئے شرمناک ہیں۔ایک سماج کے طور پر ایک ملک کے طورپر ہم سب اس کے لئے شرمسار ہیں۔انھوں نے کہا کہ ملک کی کسی بھی ریاست میں ہونے والی ایسی وارداتیں انسانی جذبات کو ہلاکر رکھ دیتی ہیں۔جس طرح کے واقعات ہم نے گزشتہ دنوں میں دیکھے ہیں ، وہ سماجی انصاف کے تصور کو چیلنج کرتے ہیں۔ان واقعات پر سخت کارروائی کی یقین دہانی کراتے ہوئے انھوں نے کہا،’’میں ملک کو یقین دلانا چاہتاہوں کہ کوئی مجرم بچے گا نہیں۔جن بیٹیوں کے ساتھ ظالم ہواہے انھیں انصاف ملے گا۔‘‘انھوں نے کہا کہ سماج کی اس برائی کوختم کرنے کا کام ،سبھی کو ملکر کرناہوگا۔