عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو کہا کہ لوگوں نے بی جے پی اور این ڈی اے پر مکمل اعتماد ظاہر کیا ہے اور لوک سبھا انتخابات کے نتائج عوام، جمہوریت اور ملک کے آئین میں اعتماد کی جیت ہیں۔مودی نے بی جے پی ہیڈکوارٹر میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1962 کے بعد پہلی بار کسی حکومت نے مسلسل تیسری مرتبہ مینڈیٹ حاصل کیا ہے۔مودی، جنہوں نے اپنی جیت کی تقریر جئے جگناتھ سے شروع کی، اڈیشہ کے لوگوں کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بی جے پی کو ریاست میں پہلی بار حکومت بنانے کے لیے واضح مینڈیٹ دیا ہے۔
انہوں نے کیرالہ میں بی جے پی امیدوار کی جیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے بہت سے کارکنوں نے ریاست میں اپنی جانیں قربان کی ہیں۔مودی نے کہا کہ این ڈی اے نے آندھرا پردیش میں چندرابابو نائیڈو کی قیادت میں اور بہار میں نتیش کمار کی قیادت میں بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔مودی نے الیکشن کمیشن کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے دنیا کے سب سے بڑے انتخابات کو بڑی کارکردگی کے ساتھ کرایا۔مودی نے مسلسل تیسری جیت کو ایک تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے اس کے لیے ملک کے عوام سے اظہار تشکر کیا ۔ مودی نے کہا کہ اتحاد ملک کے لوگوں کی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے نئی طاقت کے ساتھ کام کرے گا۔، یہ ہندوستان کی تاریخ کا ایک مثالی لمحہ ہے۔ میں اس محبت اور آشیرواد کے لیے اپنے خاندان کو سلام کرتا ہوں۔ میں ہم وطنوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم ان کی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے نئی توانائی، نئے جوش اور نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔ میں تمام کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے لگن اور انتھک محنت کی ہے۔ میں ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں‘‘ ۔ادھر وزیر اعظم نریندر مودی نے وارانسی لوک سبھا سیٹ تیسری بار جیت لی ۔وزیر اعظم نے اپنے حریف کانگریس کے اجے رائے کو 1.5 لاکھ سے زیادہ ووٹوں سے شکست دی۔الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق مودی کو 6,12,970 ووٹ ملے۔بہوجن سماج پارٹی کے اطہر جمال لاری تیسرے نمبر پر رہے اور وزیر اعظم سے تقریباً 5.8 لاکھ ووٹ پیچھے رہے۔