سرینگر //محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق وادی میںجمعہ اور سنیچر کی درمیانی رات چلہ کلاںمیںچوتھی برف باری ہوئی ۔برف باری کا سلسلہ بالائی علاقوں میںسنیچر دن بھر جاری رہا تاہم وادی میں سنیچر دن بھر ہلکی دھوپ کھلی لیکن شام سے ہلکی برفباری کا آغاز ہوا۔محکمہ موسمیات نے پہلے سے ہی یہ پیش گوئی کی ہے کہ 19سے23جنوری تک کشمیر وادی میں’شدید برفباری‘ متوقع ہے ۔
اس دوران سنیچر کو بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث سرینگر ائر پورٹ پر 5پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ کئی پروازوں میں تاخیر ہوئی۔تازہ برفباری خطہ پیر پنچال اور وادیٔ چناب میں بھی دیکھنے کو ملی ۔سنیچر کی صبح سرینگر میں تین انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔ادھر پہلگام ،گلمرگ اور سونہ مرگ کے علاوہ دودھ پتھری میں بھی تازہ برفباری ہوئی ۔ سرحدی ضلع کپوارہ ،بانڈی پورہ اور بارہمولہ کے علاوہ وسطی ضلع گاندر بل،بڈگام اور شمالی اضلاع شوپیان ،پلوامہ ،کولگام اور اننت ناگ کے بالائی علاقوں میں بھی تازہ برفباری کی اطلاعات ہیں۔ پہلگام ،آڑو، چندن واڑی ،سونہ مرگ ،زوجیلا ، گگن گیر ،گنڈ ،یوسمرگ ،افروٹ ،سادھنا ٹاپ سمیت میں بھاری برفباری ہونے کی اطلاعات ہیں ۔
کپوارہ میں تازہ برف باری سے عام زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئی۔چوکی بل کرناہ سڑک کو اگرچہ 6روز بعد بحال کر دیا گیالیکن ایک روز کے بعد ہی سڑک دوبارہ گا ڑیو ں کی آمد و رفت کے لئے بند کر دی گئی۔میلیال کیرن سڑک کو جمعہ کو فرکیا ں ٹاپ تک برف ہٹانے کے بعد گاڑیو ں کی آ مد ورفت کے لئے بحال کر دی گئی لیکن بھاری برف باری کی وجہ سے یہ سڑک بھی دوبارہ بند ہوگئی۔بانہال سے محمد تسکین کے مطابق بانہال اور وادی چناب کے دیگر علاقوں میں جمعہ کی شام برفباری شروع ہوئی تاہم شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بدستور جاری رہی۔