بلال فرقانی+اشرف چراغ
سرینگر+کپوارہ//کشمیر میں موسم سرما کی تعطیلات کی وجہ سے 3 ماہ تک بند رہنے کے بعد پیر کو سکولوں میں دوبار تعلیم و تدریس کا سلسلہ بحال ہوگیا۔موسم سرما کے تین مہینوں کے وقفے کے بعد پیر کی صبح شہر اور دیہات میں وردیوں میں ملبوس چھوٹے بڑے بچے سکولوں کیلئے نکلے۔پچھلے سال دسمبر میں موسم سرما کی تعطیلات کے لیے بند کیے گئے اسکول یکم مارچ کو کھلنے والے تھے۔ تاہم حکام نے میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کی وجہ سے تعطیلات میں تین دن کی توسیع کی تھی۔کپواڑہ کے سرحدی علاقوں میں سکول، تاہم، حالیہ شدید برف باری کے پیش نظر بند رہے۔ضلع انتظامیہ کپواڑہ نے کہا کہ کیرن، بڈنمبل، جمہ گنڈ، کمکڈی، مژھل اور کرناہ سب ڈویژن کے بالائی علاقوں کے سکول 5 مارچ 2024 تک بند رہیں گے۔ چیف ایجوکیشن آفیسر کپوارہ عبدالمجید ڈار نے کہا کہ کیرن ،کرناہ ،بڈنمبل ،مژھل ،جمہ گنڈ اور کمکڑی میں قائم سرکاری سکولو ں میں 5مارچ تک تعطیلات بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ضلع کے کچھ بالائی علاقوں میں اگرچہ سکول کھل گئے تاہم بھاری برف باری کے نتیجے میں طلبہ کی حاضری کم رہی کیونکہ ان سکولو ں کے ارد گرد اب بھی 2سے اڑھائی فٹ برف جمع ہے ۔ صبح سویرے سے ہی سکولوں میں طلاب کا آنا شروع ہوا جبکہ چھوٹے بچے رنگ برنگی وردیوں میںملبوس بسوں میں سوار ہونے کے لیے سری نگر کے مختلف علاقوں میں سڑک کے کنارے انتظار کرتے ہوئے دیکھا گیا۔چھوٹے بچے اپنے والدین کے ساتھ دیکھے گئے۔ سکولوں میں بھی پرجوش ماحول دیکھاگیا اور طویل عرصے کے بعد بچے ایک دوسرے کیساتھ بغل گیر ہورہے تھے۔ اس ہفتے کے آخر میں تمام جماعتوں کے امتحانات شروع ہو رہے ہیں۔