عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وادی کشمیر میں مارچ کے مہینے جیسا درجہ حرارت جمعہ کو ریکارڈ کیا گیا۔ جموں و کشمیر کے شوپیان ضلع کے بالائی علاقوں میں چند انچ برف پڑی۔حکام نے بتایا کہ وادی کشمیر میں جمعہ کو بارش ہوئی جس سے درجہ حرارت میں کمی آئی۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع کو جڑواں اضلاع پونچھ اور راجوری سے جوڑنے والے پیر کی گلی میں جمعہ کو 4 انچ تازہ برف باری ہوئی جس سے سڑک پر عام ٹریفک کی نقل و حرکت میں خلل پڑا۔ زوجیلا اور رازدان ٹاپ پر بھی برف باری ہوئی جبکہ گذشتہ روز سنتھن ٹاپ پر بھی ہلکی برفباری ہوئی تھی۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ جمعہ کو کشمیر ڈویژن میں کئی مقامات پر بارش کے ساتھ موسم عام طور پر ابر آلود رہا۔سری نگر اور وادی کشمیر کے دیگر بڑے حصوں میں صبح سے ہی وقفے وقفے سے درمیانی بارش ہوئی ، جس سے درجہ حرارت میں کمی آئی اور معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سرینگر میں 5.7 ملی میٹرجبکہ قاضی گنڈ میں 4.2 ملی میٹر اور کپوارہ میں 4.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ۔وادی کے سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں بالترتیب1.4 ملی میٹر اور4.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔محکمہ کا کہنا ہے کہ وادی کے بیشتر علاقوں میں وہی درجہ حرارت درج کیا گیا جو مارچ کے مہینے میں رہا تھا۔سرینگر میں 19.5 ڈگری،قاضی گنڈ میں 18.4،پہلگام میں 13.8،کپوارہ میں 19.6،کوکر نا گ میں 17.4،گلمرگ میں 11.2اوراننت ناگ میں 17.7 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔سونہ مرگ میں 12.5،بارہمولہ میں 18.7،بانڈی پورہ میں 18.1، کولگام میں 15.9اور شوپیان میں 16.3 ڈگری درج کیا گیا۔جموں میں 35.6 ڈگری، بانہال میں 29.8، بٹوٹ میں 22.2بھدرواہ میں 21.2،ادہم پور میں 33.2،کھٹوعہ میں35.8،پونچھ میں28.1، راجوری میں 31.6، کشتواڑ میں 20.8اور ریاسی میں 33.2درجہ حرارت رہا۔۔محکمہ کے ترجمان نے کہا کہ آئندہ دو روز کے دوران بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ موسم عام طور پر خشک رہے گا، 24 سے 28 جون کے دوران بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔اس نے کہا کہ’’22 جون سے جموں ڈویژن کے میدانی علاقوں میں گرمی کی لہر متوقع ہے”۔میٹ آفس لیہہ نے بتایا کہ سری نگر-لداخ ہائی وے پر زوجیلا پاس کے بالائی علاقوں میں بھی تازہ برفباری ہوئی، جبکہ لداخ کے علاقے کے کئی حصوں میں بھی جمعہ کو بارش ہوئی۔